Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ میں مودی کے پاکستان مخالف بیان پر مذمتی قرارداد

اسلام آباد... سینیٹ میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے پاکستان مخالف بیان کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ۔ قرار داد سینیٹر سحر کامران نے پیش کی۔ قرار داد میں کہا گیا کہ یہ ایوان پاکستان کو دہشت گردی سے منسوب کرنے کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ مودی نے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا ۔ دریں اثناء وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہند نے سرجیکل اسٹرائیک کی کوشش کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔ ہندکشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کا دہشت گردی ا ورپاکستان کے ساتھ تعلق جوڑنے میں ناکام ہوگیا ۔ہند کی جانب سے جولائی 2016 ء سے ورکنگ باﺅنڈری کی 330 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ۔ وزیر دفاع نے بحث کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر طرح سے کشمیریوں کی آزادی کی سیاسی ، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ یہ تحریک اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی۔ ہند نے کشمیر پر مذاکرات کے دروازے بند کئے ہیں۔ ہند کی موجودہ حکومت کے اندرونی مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ان مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ورکنگ باﺅنڈری کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ3 سالوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ مسلح افواج نے ملک میں دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچایا ہے۔ پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں16 ممالک کی افواج ابھی تک دہشت گردی پر قابو نہیں پاسکی۔ ایسے حالات میں دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان کے بھرپور آپریشن کو عالمی برادری سے سراہا ہے۔ پاکستان نے مخالفت کے باوجود ضرب عضب کو بھرپور طریقے سے مکمل کیا ہے۔

شیئر: