Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ نے انجینیئرنگ پیشوں کیلئے قانون کی منظوری دیدی

ریاض ..... سعودی کابینہ نے انجینیئرنگ کے پیشے پر کام کرنے والوں کیلئے قانون کی منظوری دیدی جبکہ پانی کے ذرائع اور نیٹ ورک کو نقصان پہنچانے والوں کیلئے نئی سزا مقرر کردی۔ یہ فیصلہ پیر کو ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی نے اجلاس کے بعد واس کو بتایا کہ کابینہ نے انجینیئرنگ کے پیشوں پر کا م کرنے والوں کیلئے قانون کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ جن انجینیئرز نے اب تک انجینیئرز کونسل میں اندراج نہیں کرایا انہیں نئے قانون پر عمل درآمد کی تاریخ سے 6ماہ کے اندراصلاح حال کرانی ہوگی۔ نئے قانون میں درج احکامات کے مطابق اصلاح حال کی پابندی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔سعودی انجینیئرز کونسل اس مہلت میں توسیع کرسکتی ہے۔سعودی کابینہ نے طے کیا ہے کہ جو شخص پانی کے ذرائع یا نیٹ ورک کو نقصان پہنچائے گا اسے تشہیر کی سزا بھی دی جائیگی۔ کابینہ نے افغانستان کے متعدد شہروں میں دہشتگردی کے واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انکی مذمت کی۔ ان حملوں کے دوران دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔ امارات کے 5سفارتکار بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل تھے۔ کابینہ نے ایک بار پھر زور دیکر کہا کہ دہشتگردی کے گھناونے واقعات اسلامی اقدار کے سراسر منافی ہیں۔ سعودی کابینہ نے قندھار میں جاں بحق ہونے والوں کے رشتہ داروں ، افغانستان اور امارات کے عوام و حکام سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اورزخمیوں کیلئے فوری شفا کی آرزو ظاہر کی۔ کابینہ نے مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کے نتائج کی تائید و حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین سے متعلق سعودی موقف غیر متزلز ل ہے۔ دو ریاستی حل ا ور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادیں ہی عرب اسرائیل کشمکش کے حل کی واحد بنیاد ہیں۔
 

شیئر: