Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں تقریب تقسیم انعامات

 
بوائز اور گرلز ونگ میں کھیلوں کے علیحدہ مقابلے ہوئے،جونیئر سیکشن میںملی نغمے ،علاقائی رقص اور کلچرل شو بھی پیش کیا گیا
 
جاوید اقبال ۔ ریاض
 
پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ ریاض میں کھیلوں کے مقابلوں کے لئے تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی ۔ سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور اسکول کے لنک افسر محمد حسن وزیر اور سعودی وزارت صحت کے سپر وائز ر عبدالالہ مہمانان خصوصی تھے۔ پرنسپل طاہر رضا عابد اور وائس پرنسپل گوہر رفیق کے ہمراہ فائنل میں پہنچنے والی اسکول کی دونوں کرکٹ ٹیموں سے ملاقات کی۔ یہ مقابلہ عبدالقدیر ہاوس نے جیت لیا۔
نظامت کے فرائض سید شیر عباس نے ادا کئے۔ طالب علم معاذ احمد کی تلاوت سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد کرکٹ، فٹبال، والی بال، باسکٹ بال اور بیڈمنٹن کے مقابلے جیتنے والوں میں مہمان خصوصی حسن وزیر نے انعامات تقسیم کئے۔ پرنسپل نے اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اپنے خطاب میں طاہر رضا عابد نے کہا کہ طلباءکی تعلیمی ضروریات کے علاوہ انکی جسمانی صحت کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکول کی کرکٹ ٹیم گزشتہ 18برس سے ریاض کرکٹ کلب کے زیر اہتما مقابلوں کی فاتح رہی ہے۔ 
مہمان خصوصی محمد حسن وزیر نے اس بات کی ستائش کی کہ کھیلوں کے لئے مناسب جگہ نہ ہونے کے باوجود طلباءنے انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔ سینیئر بوائز ونگ ٹو کے اسپورٹس ویک میں 100اور 50میٹر اور 3ٹانگوں کی دوڑ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، والی بال، باسکٹ بال اور کرکٹ کے مقابلے ہوئے تھے۔ آخری دن کرکٹ کا فائنل کھیلا گیا جس میں لیاقت ہاوس نے ٹیپو ہاوس کو شکست دیدی۔ مہمان خصوصی رانا خالد اکرم تھے۔ تقریب کا آغازجماعت ہشتم کے طالب علم عفان احمد نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اکمل الیاس نے مہمان خصوصی کا تعارف کرایا۔ مہمان خصوصی اور ونگ ہیڈ سعادت اللہ خان نے کامیابی حاصل کرنے والے طلباءمیں انعامات تقسیم کئے۔ 
سینئر گرلز ونگ ون میں بھی 5ہاوسز کی طالبات نے کھیلوںکے مقابلوں میں حصہ لیا۔ وائس پرنسپل ثروت اقبال نے افتتاحی فیتہ کاٹا یوں کھیلوں کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تلاوت کلام پاک کی گئی۔ کلاس پری نہم ، نہم اور دہم کی طالبات نے باسکٹ بال، تھرو بال، رکاوٹوں والی دوڑ، ایک ٹانگ والی دوڑ اور سو میٹر کی دوڑ میں اپنے جوہر دکھائے۔ اساتذہ کیلئے بھی میوزیکل چیئر اور سومیٹر کی دوڑ کا اہتمام کیا گیاتھا ۔ ان کھیلوں کے اختتام پر انعامات تقسیم کئے گئے۔ مسز حسن وزیر مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے وائس پرنسپل خالدہ طاہر اور ونگ ہیڈ عقیلہ زیب کے ہمراہ یہ فریضہ انجام دیا۔ مہتاب مفتی نے سال کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ مہمان خصوصی مسز محمد حسن وزیر نے جیتنے والی طالبات کو مبارکباد دی اور اتنا دلکش پروگرام کرنے پر ادارے کا شکریہ ادا کیا۔
جونیئر گرلز ونگ میں تقریب کی مہمان خصوصی بیگم ثروت اقبال تھیں جنکا استقبال ونگ انچارج بیگم عاشفہ مسعود نے گلدستہ پیش کرکے کیا۔تلاوت قرآن پاک سے اور شمع جلا کر تقریب کا آغاز کیا گیا۔ مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد علاقائی رقص اور ثقافتی شو پیش کیا گیا۔ طالبات کے پی ٹی شو نے بھی تقریب میں چار چاند لگادیئے۔ آخر میں طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
جونیئر بوائز ونگ میں بھی جماعت نرسری تا چہارم کے طلباءنے جوش و خروش سے مقابلوں میں حصہ لیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی بیگم نرگس فیصل تھیں جنہوں نے جیتنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب کے دوران ملی نغمے ، علاقائی گیت ، پی ٹی شو اور دیگر ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ آخر میں ونگ انچارج مسز ثمینہ خان نے اپنے خطاب میں بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور اساتذہ کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
******

شیئر: