Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی

 دبئی ... انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ۔ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ اور بنگلہ دیش و نیوزی لینڈ کے میچ کے اختتام پر جاری رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے نوجوان فاسٹ بولر کاگیسو ربادا اور سابق کپتان ہاشم آملہ نے نمایاں ترقی کی ہے۔ ربادا کیریئر میں پہلی مرتبہ پانچویں پوزیشن پرہیں۔ انہوںنے ہم وطن فاسٹ بولر اور معروف کرکٹر ڈیل اسٹین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جو اب چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ ہاشم آملہ بھی کیریئر کے 100 ویں ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری کی بدولت اپنی رینکنگ بہتر بنانے میں کامیاب ہوئے۔ دسویں سے واپس چھٹے نمبر پر آگئے ۔ ہاشم آملہ نے سری لنکا کیخلاف میچ میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 134 رنز کے ساتھ اپنے 100 ویں ٹیسٹ میچ کو یادگار بنایا تھا۔ 2016 ءمیں مسلسل خراب کارکردگی سے ہاشم آملہ دسویں نمبر پر چلے گئے تھے۔ 2013 ءمیں وہ ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر بھی رہ چکے ہیں۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور بیٹسمینوں میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ہند کے اسپن آل راونڈر روی چندرن ایشون نے بولرز میں پہلی پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی آل راونڈر شکیب الحسن کو نیوزی لینڈ کیخلاف ڈبل سنچری بنانے پر 8 درجے ترقی ملی اور وہ 23 ویں نمبر پر آگئے۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم نے بھی اپنی پوزیشن بہتر بنائی ہے اور وہ 31 ویں نمبر پر آئے ہیں۔ پاکستانی بیٹسمینوں اور بولرز کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ 
 

شیئر: