Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرتھ میں پاکستانی ٹیم کا پریکٹس سیشن

پرتھ... پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ جمعرات کو پرتھ میں کھیلا جائے گا ۔ ڈے نائٹ میچ سعودی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔ سیریز 1-1 سے برابر ہے تاہم کپتا ن اظہر علی کی خدمات اس میچ میںبھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگی۔ پاکستانی اسکواڈ پرتھ پہنچ چکا۔ ایک دن آرام کے بعد پریکٹس کا سلسلہ شروع کردیا۔ سیریز کا پہلا ون ڈے آسٹریلیا نے 92 رنز سے جیتا تھا تاہم دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے6 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر سیریز برابر کردی تھی۔ اظہر علی جو پہلے ون ڈے میں ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے ابھی تک فٹ نہیں ہوسکے اور ٹیم مینجر کا کہنا تھا کہ وہ تیسرا ون ڈے نہیں کھیلیں گے انہیں آرام کا موقع دیا جارہا ہے۔ مینجر وسیم باری نے مزید بتایا کہ ٹیم نے پریکٹس شروع کردی ہے کھلاڑی پرتھ کے موسم ، ماحول اور وکٹوں سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری2میچوں میں اظہر علی کی شرکت کا امکان ہے اور ان کی عدم موجودگی میں محمد حفیظ قائم مقام کپتان کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔ پرتھ کا واکا کرکٹ گراونڈ پاکستانی ٹیم کیلئے اجنبی نہیں اور یہاں ٹیم نے 9 میچ جیت رکھے ہیں تاہم ناکامیوں کی شرح بھی اتنی ہی ہے اور اس میچ میں فتح سے پاکستانی ٹیم فتوحات کا تناسب بہتر بنا سکے گی۔ کوچز کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے مختلف سیشنز میں پریکٹس جاری رکھی ہوئی ہے۔ بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ کے علاوہ فٹنس پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ 

شیئر: