Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشتگردی کے خلاف نیا اتحاد بنائیں گے،ٹرمپ

واشنگٹن..... امریکہ کے 45ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف اٹھا لیا۔نومنتخب صدر سے امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے حلف لیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ سے قبل نائب صدر مائیک پنس نے حلف اٹھایا۔ بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں بنیاد پرست دہشتگردی کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف نیا اتحاد بنائیں گے۔اتحادیوں کے ساتھ مل کر عسکریت پسندی کے خطرے کوکم کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ امریکی اسٹیبلشمنٹ نے اپنا تحفظ کیا۔ امریکیوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا۔ اپنی سرحدوں کی بجائے دوسروں کی سرحدوں کی حفاظت کی۔آج کے بعد عوام حکومت کو کنٹرول میں رکھے گی۔عوام ہی امریکہ کے سربراہ اور رہنما ہونگے۔ کالا ہو یا گورا سب کا خون سرخ ہے ہم سب مل کر امریکہ بنائیں گے۔ ہمارا عزم سب سے پہلے امریکہ ہے۔ اب اس عزم کی حکمرانی ہوگی۔ انہوں نے امریکہ کے سابق صدور اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم سب ایک ساتھ امریکہ کے مستقبل کا فیصلہ کرینگے۔ ہمیں بہت سے مسائل اور چیلنجز کا سامنے ہے۔ دنیا اور امریکی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنا ہونگے۔ انہوں نے صدر اوباما اور انکی اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک انتظامیہ آرہی ہے اور دوسری انتظامیہ جارہی ہے۔ طاقت عوام کو منتقل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکیوں کو اپنے بچوں کیلئے اچھے اسکول اور اچھے حالات چاہئے۔ سب کو کہنا چاہتا ہوں کہ امریکہ آپ سب کا ہے۔ امریکہ سب سے پہلے ہے۔ آج چند مقامات کے سوا پورے امریکہ میں لوگ خوشیاں منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کرنا چاہتے۔ اپنی مدد آ پ کے تحت اپنے ملک کی تعمیر نو کرینگے۔

شیئر: