Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سماج وادی نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی

لکھنو... سماجوادی پارٹی نے جمعہ کو 191امیدواروں پر مشتمل اپنی پہلی انتخابی فہرست جاری کردی۔ جس میں پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اپنے چچا شیوپال یادو کا نام شامل کیا ہے۔ شیوپال یادو اور اکھلیش کے درمیان پارٹی پر قبضہ کرنے کےلئے جو رسہ کشی چل رہی تھی اس کے دوران وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اکھلیش یادو نے اپنے چچا کو کابینہ سے برطرف کردیا تھا اس تنازع نے کافی طول پکڑ لیا تھا آخر کار الیکشن کمیشن کی مدد سے شیوپال یادو کی حیثیت صفر ہوگئی ۔ اس پہلی فہرست کے اجراءسے کانگریس کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے اتحاد کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے کیونکہ فہرست میںان حلقوں سے بھی امیدوار دکھائے گئے ہیںجہاں کانگریس کے ارکانِ اسمبلی موجود ہیں اور جن کو کانگریس کی طرف سے دوبارہ ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے۔ فہرست کے اجراءکے بعد کانگریس نے اپنی ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے یوپی کانگریس کے صدر راج ببر نے اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ سماجوادی اور کانگریس کے درمیان انتخابی اتحاد قائم ہوگا یا نہیں مگر سماجوادی پارٹی کے نائب صدر کرنمے نندا نے بتایا کہ کانگریس کے ساتھ پارٹی کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ سماجوادی کی پہلی فہرست میں جن کانگریسی حلقوں سے امیدوار کھڑے کئے گئے ہیں ان میں متھرا ، بلاسپور، قدوائی نگر ، خورجہ، سیانہ ، کانپور، سوار اور شاملی شامل ہیں۔ جن 191امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ان میں 52اسمبلی حلقوں سے مسلمانوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ ان میں کابینہ وزیر محمد اعظم خاں اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم شامل ہیں جنہیں سماجوادی نے بالترتیب رام پور اور سوار حلقوں سے امیدوار بنایا ہے۔ 
 

شیئر: