Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

8ہزار ڈالر میں جوان بنیں

  کیلیفورنیا ...... امریکہ میں طبی ماہرین نے بوڑھوں کو دوبارہ جوان بنانے کا طریقہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے انتقال خون سے کام لیا جائیگا۔ امریکی کمپنی کے مطابق صرف8ہزار ڈالر میں بوڑھوں کے جسم میں جوانوں کا خون داخل کرکے انہیں ایک مرتبہ پھر جوان بنایا جاسکتا ہے۔ کمپنی نے اس مقصد کیلئے حکومت سے اجازت بھی حاصل کرلی ۔ اس کی خدمات حاصل کرنے کیلئے صرف 8لاکھ روپے خرچ کرنا ہونگے۔ کمپنی کے بانی جیسی کرمیزن کے مطابق خون صرف جسم میں آکسیجن ہی نہیں پہنچاتا بلکہ یہ بذات خود بھی بہت سی بیماریوں کا علاج ہے۔ گزشتہ چند سال کے دوران جانوروں پر کئے جانے والے تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ اگر بڑھاپے یا ادھیڑ عمری میں جسم میں ِجوان خون داخل کردیا جائے تو صحت بہتر ہوجاتی ہے اور نوجوانوں کی علامات بھی واپس آنے لگتی ہیں۔ طبی نقطہ نگاہ سے انسان کی جوانی کا زمانہ 18سے 25سال تک ہوتا ہے۔ جس کے بعد جسم ڈھلنے لگتا ہے۔ 40سال کی عمر تک انسانی جسم عمر رسیدگی کے اثرات سے لڑتا ہے لیکن اس کے بعد یہ صلاحیت بھی کمزور ہوتی چلی جاتی ہے۔ کمپنی کے اس پروجیکٹ پر مختلف اعتراضات کئے جارہے ہیں اور اکثر ناقدین کا کہناہے کہ جانوروں پر کیا جانے والا تجربہ انسانوں میں کس طرح کامیاب ہوسکتا ہے۔ کمپنی کا کہناہے کہ وہ اپنا یہ منصوبہ آگے بڑھائے گی اور نتائج ثابت کردیں گے کہ اس کا موقف درست ہے اور بوڑھوں کو جوان کیا جاسکتا ہے۔
 

شیئر: