Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الحرازات کے مکین گولیوں کی آواز سے بیدار ہوئے

  جدہ .... ہفتہ کی صبح جدہ کے علاقے الحرازات میں دہشتگردی کی کارروائیوں نے اہل جدہ کو ہلا کر رکھ دیا۔ الحرازات کے علاقے میں سبق نیوز نے مختلف لوگوں سے ملاقاتیں کیں جس میں اہالیان کا کہناتھا کہ صبح سے ہی گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ جن کی وجہ سے ہمیں بیحد پریشانی ہوئی۔ اس ضمن میں ممدوح الزہرانی نے بتایا کہ اس کے گھر کی بیرونی دیوار بھی گولیوں کی زد میں آئی۔ الزہرانی نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اہلکار بار بار یہ کہہ رہے تھے کہ ”باہر آو، باہر آو، تمہیں امان ملے گی“۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے یہ پیغام تین مرتبہ اسپیکر پر دیامگر دوسری جانب سے ردعمل کے طور پر بم دھماکہ ہوا۔ جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ اسی دوران فائرنگ بھی شروع ہوگئی۔ میرے گھر کی بالائی کھڑکیوں میں 4گولیاں لگیں تاہم اللہ کا شکر ہے کہ گھر کے لوگ سلامت رہے۔ الحرازات میں مقیم عبداللطیف کا کہناہے کہ ہفتہ کی صبح نماز فجر کے بعد علاقے کو پولیس کی گاڑیو ںنے گھیرے میں لے لیا اور کچھ دیر بعد گولیوں کی آوازیں آنا شروع ہوگئیں۔ اسکا کہناہے کہ اگر چہ علاقہ بہت چھوٹا ہے تاہم ہم نے اس میں کوئی غیر معمولی کارروائی نہیں دیکھی اور نہ ہی اس فارم ہاو س کے بارے میں ہمیں علم تھا کہ یہاں دہشتگرد مقیم ہیں۔ الریان الشہری نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہمیں غیر معمولی حرکات علاقے میں کبھی دکھائی نہیں دیں مگر ہفتے کے دن ہونے والے واقعہ نے سب کو حیرت زدہ کردیا۔ ہم پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروںکے شر گزار ہیں کہ انہوں نے انتہائی مختصر وقت میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی سے علاقے کو بچالیا۔ نایف الحلافی کا کہنا ہے کہ وہ اکثر اس علاقے میں آتا ہے تاہم اس نے بھی کبھی دہشتگردوں کی موجودگی کا احساس نہیں کیا۔ عمر الزہرانی نے کہا کہ ہفتہ کی صبح میری آنکھ گولیوں کی آواز سے کھلی میں گھبرا کر اٹھا تو دیکھا کہ محلے میں پولیس کی گاڑیاں گھوم رہی ہیں جنہوں نے فارم ہاوس کو اپنے گھیرے میں لیا ہوا ہے کچھ دیر بعد دھماکہ کی آواز آئی اور اسکے بعد فارم ہاوس سے دھواں اٹھنے لگا۔ اسکا کہنا تھا کہ گولیوں کی آوازسے گھر میں بچے سہم گئے تھے۔
 

شیئر: