Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشتگردی کے خلاف مملکت کی کامیابیاں نمایاں ہیں، اشرفی

  لاہور ....مجلس علمائے پاکستان کے نگراں حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے دہشتگردی کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستانی عوام اورمسلح افواج حرمین کے دفاع کیلئے انکے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ حافظ اشرفی لاہور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبدالکریم ندیم، صاحبزادہ محمود قاسمی، مولانا اسعد زکریا اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر متفقہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں نے شام، عراق اور لیبیا کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کو نشانہ بنایا ہوا ہے لیکن ملت اسلامیہ انکی ان کوششوں کو مکمل طور پر ناکام بنادیں گے۔ مولانا اشرفی نے اس بات پر زوردیا کہ ہمیں مل کر گمراہ فکر اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے سعودی قیادت میں بننے والے عسکری اتحاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس علمائے پاکستان ملت اسلامیہ میں فکری بیداری کے لئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اس بیان کو بھی سراہا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب کا دفاع دراصل پاکستان کا دفاع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان کا فرض ہے۔
 

شیئر: