Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم الوطنی کپ: پاک شاہین نے فائنل جیت لیا

 
پاک شاہین نے پہلے کھیلتے ہوئے 329 رنز اسکور کئے، سماءاسٹیل 327 رنز بناسکی، حمرہ عباسی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار، ابرار مین آف دی میچ رہے
 
ریاض(جاوید اقبال) ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن اور جی کے انٹرنیشنل انڈین اسپورٹس کلب کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے یوم الوطنی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل پاک شاہین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سماءاسٹیل کو دو رن سے شکست دے کر اپنے نام کرلیا۔ سماءاسٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے پاک شاہین کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹورنامنٹ میں 4 سنچریاں بنانے والے پاک شاہین کے عبدالوحید نے ابرار الحق کے ساتھ جارحانہ انداز میں اننگز کی ابتداءکی اور 70 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ فائنل میں سنچری بنانے کا اعزاز فیصل خان کو حاصل ہوا جنہوں نے 58 گیندوں پر دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 102 رنز اسکور کئے۔ پاک شاہین نے 35.3 اوورز میں 329 رنز اسکور کئے۔ ہدف کے تعاقب میں سماءاسٹیل کے راشد مرزا اور آصف بٹ نے شاندار آغاز کیا۔ راشد 38 گیندوں پر 86 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جن میں پانچ چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ تاہم ان کے آو ٹ ہونے کے بعد رنز کی رفتار سست پڑ گئی۔ رمضان نے ہدف تک رسائی کی بھرپور کوشش کی اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن آخری لمحات میں وکٹیں تیزی سے گرنے کی وجہ سے میچ سماءاسٹیل کے ہاتھ سے نکل گیا۔ آخری اوور میں فتح کیلئے 11 رنز درکار تھے لیکن کامران ہادی نے پہلی گیند پر چھکا لگایا لیکن اس کے بعد اگلی تین گیندوں پر صرف تین رنز بن سکے اور دو گیندیں ضائع ہوگئیں یوں پاک شاہین نے یہ میچ جیت لیا۔ مقابلے کے مہمان خصوصی سعودی کرکٹ سینٹر کی مجلس عاملہ کے چیئرمین ندیم ندوی تھے جبکہ جے کے کے صدر ڈاکٹر ریاض احمد اور جنرل سیکریٹری محمد کلیم کے علاوہ آر سی اے کے عہدیداروں طارق جاوید ، ندیم بابر ، ناصر عباسی اور بشیر ریاض کے علاوہ شائقین کرکٹ اور مختلف تنظیموں کے عہدیداروں اور اراکین کی بڑی تعداد نے فائنل میچ دیکھا۔ خواتین اور بچوں کیلئے بھی میچ دیکھنے کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ تقریب تقسیم انعامات کی نظامت جاوید علی افروز نے کی۔ ابرار الحق کو مین آف دی میچ ، عبدالوحید کو بہترین بیٹسمین اور فیصل خان کو بہترین بولر کے ایوارڈ ملے۔ حمزہ عباسی کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیاگیا۔ اس موقع پر جی کے کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات تقسیم کئے گئے۔ 

شیئر: