Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عربی سیکھنے کیلئے آسان اسباق پر مشتمل سلسلہ اردوداں طبقے کیلئے معاون ثابت ہوگا

آج کے درس میں بھی اسم اشارہ کے مختلف استعمالات کی مشقیں کرائیں گے لیکن آج کے سبق میں ہم سوال اور جواب کی شکل میں کچھ مفید جملوں کی مثالیں پیش کریں گے ۔ جن کی روشنی میں آپ ان الفاظ سے جو آپ نے گزشتہ اسباق سے سیکھے ہیں، بذات خود مفید جملے بناسکیں گے ۔

عربی زبان میں سوال کرنے کیلئے بہت سارے الفاظ اور حروف ہیں جن میں سے ہم آج کے درس میں صرف دو الفاظ استعمال کریں گے ۔ اور وہ ہیں ’’ مَنْ اور ما‘‘

اگر کسی انسان کے بارے میں پوچھنا ہو تو ’’من ‘‘ استعمال کیا جاتا ہے جیسے مَنْ ھٰذا؟۔ یہ کون ہے ؟ ۔

یا

مَنْ ھٰذا الرجلُ ؟ یہ کون آدمی ہے

اور اگر کسی چیز کے بارے میں سوال کرنا ہو تو ’’ما‘‘ بولتے ہیں ، جیسے ما ھٰذا؟ یہ کیا ہے؟

مَنْ کا اطلاق واحد، جمع اور مذکر اور مؤنث سب پر ہوتا ہے البتہ اس کے بعد آنے والا اسم اشارہ واحد ، جمع ، مذکر اور مؤنث کے لحاظ سے بدلتا رہے گا۔

یہی حال ’’ما‘‘ کا بھی ہے یعنی اس کا اطلاق بھی واحد، جمع، مذکر اور مؤنث سب پر ہوتا ہے ۔ مثالوں سے آپ کو فرق ہوجائیگا۔

مَنْ ہٰذا یا نبیلُ؟ نبیل یہ کون ہے ؟

ہٰذا أخی یہ میرا بھائی ہے ۔

مَنْ ہٰذہ یا خالدُ؟ خالد یہ کون ہے؟

ہٰذہ أختی یہ میری بہن ہے۔

مَنْ ہٰؤلاء؟ یہ کون لوگ ہیں؟

ہٰؤلاء أصحابی یہ میرے ساتھی ہیں۔

ان مثالوں میں مَنْ کے بعد آنے والے اسم اشارہ میں موقع اور محل کے اعتبار سے تبدیلی ہوئی ہے کہیں اسم اشارہ واحد مذکر کیلئے ہے کہیں واحد مؤنث کیلئے اور ہیں جمع کیلئے آپ کو یہ بتایا جاچکا ہے کہ جمع کیلئے چاہے وہ مذکر ہو یا مؤنث ایک بھی اسم اشارہ ہے أولاء جس کے شروع میں تنبیہ کی ’’ھاء‘‘ آجانے سے ’’ہٰؤلاء‘‘ ہوگیا ہے۔

  ماہٰذا؟ یہ کیا ہے ؟

ہٰذا کتابٌ یہ کتاب ہے ۔

ماہٰذہ الصلاۃُ؟ یہ کونسی نماز ہے؟

ہٰذہ صَلاۃُ الاستقاء۔

مَنْ ذلک الرَجْلُ؟ وہ کون آدمی ہے؟

ذلک مدیرُ المدرسۃِ وہ اسکول کا پرنسپل ہے۔

من اُوْلئک الرجالُ؟

أولئک طلبۃُ الجامعۃ وہ یونیورسٹی کے طلباء ہیں،

من ھٰؤلاء السیداتُ؟ یہ کونسی خواتین ہیں؟

ہؤلاء طبیباتٌ یہ لیڈی ڈاکٹر ہیں۔

مَنْ ہٰذا؟ یہ کون ہے ، ہٰذا؟ یہ کون ہے؟

ہٰذا علیٌ یہ علی ہے ،

ماہذا الصوتُ الجمیلُ؟ یہ کیسی خوبصورت آواز ہے۔

ہٰذاصوتُ قاریٔ القرآنِ یہ قرآن کے قاری کی آواز ہے ۔

مَنْ تلک المرأۃُ؟ وہ کون سی خاتون ہے ؟

تلک ممرضۃٌ بالمستشفیٰ وہ اسپتال میں نرس ہے۔

ماہذا یا اَیمنُ؟ ایمن یہ کیا ہے؟

ہٰذا عُصْفورٌ یہ گوریا ہے ۔

من ہٰذا الوَلَدُ یا حامدُ؟ حامد یہ کون لڑکا ہے؟

ہٰذا اخی خَالدٌ یہ میرا بھائی خالد ہے۔

ماہذا المبنیٰ الجمیلُ؟ یہ خوبصورت عمارت کیا ہے؟

ہٰذا مسجدٌ یہ مسجد ہے۔

مَنْ ہٰذہ الطفلۃُ الجمیلۃُ؟ یہ خوبصورت بچی کون ہے؟

ہٰذہ بنتُ صدیقی یہ میرے دوست کی بچی ہے ۔

ماھٰذا الیوم یا محمودُ محمود یہ کونسا دن ہے؟

ہذا یوم الجمعۃ یا حامدُ حامد یہ جمعہ کا دن ہے ۔

من اُولئک السیداتُ وہ کونسی عورتیں ہیں۔

اُولئک ممرضاتٌ وہ نرسیں ہیں۔

من ہٰؤلاء الرجالُ؟ یہ کون لوگ ہیں؟

ہٰؤلاء حجاجُ بیت اللہ یہ اللہ کے گھر کے حاجی ہیں۔

من ذٰلک الرجَلُ یہ کون آدمی ہے۔

ذلک رئیسُ العمالِ وہ فورمین ہے۔

مَنْ تلک السیدۃُ یہ کون خاتون ہے ؟ تلک صاحبۃُ الشرکۃ وہ کمپنی کی مالک ہے۔

مَاھٰذہ الشجرۃُ العالیۃُ یہ اونچا ساکس چیز کا درخت ہے؟

ہٰذہ نَخْلَۃٌ یہ کھجور کا درخت ہے ۔

ماھٰذہ العمارۃُ الجمیلۃُ یہ خوبصورت بلڈنگ کیا ہے؟

ہٰذہ عمارۃُ کلیۃِ الطب یہ میڈیکل کالج کی عمارت ہے۔

ماہذا الحیوانُ المُخِیْفُ یہ خوفناک جانور کیا ہے؟

ہذا مَلِکُ الغابۃِ اَسدٌ یہ جنگل کا بادشاہ شیر ہے۔

ماھٰذا الحیوانُ الجَمِیلُ یہ خوبصورت سا جانور کیا ہے؟

ہٰذا حِصانٌ یہ گھوڑا ہے۔

آج کے درس کے آخر میں ہم چند جملے اسم اشارہ کے ساتھ بولتے ہیں، آپ ان کو سوالیہ جملوں میں بدل کر ان کا جواب اپنے طور پر لکھئے:

ہٰذہ طفلۃٌ ہٰذہ فرشۃٌ سعادٍ ہٰذہ حقیۃُ خالدٍ ہٰذا قمیصُ حسینٍ ہٰذہ مدرسۃُ محمودٍ اُولئک جنودٌ (جنود جندی کی جمع ہے، جندی کے معنی سپاہی کے ہیں)

ذلک مدیرُ المستشفیٰ ذلک علیٌ ہٰذہ تفاحۃٌ (یہ سیب ہے) ہٰذہ کلیۃُ العلومِ (یہ سائنس کالج ہے۔)

انہی کلمات کے ساتھ آج کا یہ درس تمام ہوتا ہے۔

شیئر: