Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ مولانا محمد خلیل کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب

اسٹارکراٹے کلب جدہ نے مولانا محمد خلیل مسکینی صدر وبانی مدرسہ جمعیت الفرقان حیدرآباد دکن کی مملکت آمد پر جدہ میںاستقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا ۔ سلائڈ شو کے ذریعے مدرسے کا تعارف پیش کیا گیا ۔ ڈاکٹر سید علی محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی علم کا حصول ہر مسلمان پر فرض ہے ۔ دینی مدارس اسلام کی سربلندی اور حقانیت کا سرچشمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو جہاں عصری تعلیم سے ہم آہنگ کررہے ہیں وہیں دینی تعلیم سے بھی آراستہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ علماءحق دینی مدارس کے ذریعے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عام کررہے ہیں ہمارا فرض ہے کہ ان مدارس کی ریڑھ کی ہڈی بنیں ۔
شمیم کوثر نے کہا کہ اس پرآشوب دور میں اسلامی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ آج کا معاشرہ مغرب کو اپناتے ہوئے غیر شرعی عمل کرنے میں نہ صرف سرگرم ہے بلکہ فخر محسوس کررہا ہے ۔ اس کی اصل وجہ نسل نو کی دینی تعلیمات سے دوری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ بچوں کو قرآن اور سنت کی تعلیم سے آگہی دیں ۔ انہوں نے مولانا خلیل مسکینی کے کام کی تعریف کی اور بھرپور تعاون کی پیشکش بھی کی ۔ 
سید خواجہ وقار الدین نے کہا کہ آج کا نوجوان انٹرنیٹ کے ذریعے ہر چیز حاصل کرنا چاہتا ہے ۔ وہ دین کی باتیں بھی علماءیا دینی مدارس میں جانے کے بجائے انٹر نیٹ کے ذریعے تلاش کرتا ہے جوا سے تباہی کے دہانے پر پہنچا رہا ہے ۔ یہودی لابی نے انٹر نیٹ پر اسلامی ویب سائٹ بنائی ہوئی ہیں ۔ جس سے نسل نو کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی دینی مسئلہ درپیش ہوعلما سے رجوع کریں۔ انہوں نے مدارس کے قیام کی اہمیت پر زور دیا ۔
تقریب سے عرفان قریشی اور قدرت نواز بیگ نے خطاب کرتے ہوئے اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران مدرسہ جمیعت الفرقان کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ 
مولانا محمد خلیل مسکینی نے کہا کہ انتہائی کم وسائل میں مدرسے کی بنیاد ڈالی تھی اہل خیر کے تعاون اور حوصلوں نے ہمارے کام کو وسعت دی ۔ دینی تعلیم کے ساتھ بچوں کو اپنے دفاع کے لئے مارشل آرٹ بھی سکھاتے ہیں ۔ کوشش ہوتی ہے کہ لڑکوں سے زیادہ لڑکیاں دینی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں کیونکہ اولاد کی تربیت ماں کرتی ہے ۔ جب ماں کی گود سے بہتر تعلیم بچے کو مل جائے تو وہ غلط راستے پر نہیں جائے گا ۔ ابتداءمیں محمد اسحاق مسکینی نے حمد باری تعالیٰ پیش کی ۔ امین انصاری نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔ 
******

شیئر: