Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلنگانہ ویلفیئر فاونڈیشن جدہ کا جلسہ سیرت النبی

تلنگانہ ویلفیئر فاونڈیشن جدہ کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کیا گیا ۔ قاری محمد نور کی تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ بارگاہ رسالت میں خالد مدنی ، امین انصاری ، قاری محمد نور ، حافظ و قاری سلیم قادری نے نعت کا نذرانہ پیش کیا ۔ ناظم تقریب محمد افضل نے صدر تلنگانہ ویلفیئر فاونڈیشن کے صدر سید سیادت علی خان کو خیر مقدمی کلمات کیلئے مدعو کیا ۔ 
سیادت علی خان نے بتایا کہ ہمارا مقصد ملت کے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت میں رہنمائی کرنا اور مملکت میں مقیم تلنگانہ کے عوام کے مسائل کو ریاست میں حل کرانے کی کوشش کرنا ہے ۔ حیدرآباد کے قرب و جوار میں کچھ ایسے ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ یا اداروں کا قیام عمل میں لانا چاہتے ہیں جس میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کا اہتمام ہوسکے ۔ کچھ اہل خیر نے 9 ایکڑ زمین اس مقصد کیلئے عطیہ دینے کی پیشکش کی ہے ۔بعد ازاں ایک اہل خیر نے مزید 5 ایکڑ زمین دینے کا و عدہ کیا ۔ ایک کروڑ روپے کی ابتدائی لاگت سے رواں سال کمیونٹی سینٹر کی بنیاد رکھنے کا ارادہ ہے ۔ اس طرح کے کار خیر ثواب جاریہ کی نیت سے کئے جاتے ہیں۔ ایسے بھی لوگ موجود ہیں جو اپنے والدین اور مرحومین کے نام پر ملت کے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے حصہ لینے کیلئے تیار ہیں ۔ حکومت ہند ریاستی حکومتوں کو کروڑوں روپئے بچوں کی تعلیم اور تربیت کیلئے بجٹ میں منظور کرتی ہے مگر افسوس اس بات کا ہے کہ اس کے حصول کا طریقہ معلوم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں کوئی ایسوسی ایشن کی رہنمائی کرے تو غریب اور مستحق طلباءکو دلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ 
مولانا حافظ و قاری نوید افروز نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر جان نچھاور کرتے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم یتیموں کی داد رسی کرتے ، کمزوروں کی مدد کرتے ، مظلوم کی حوصلہ افزائی کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ کفار مکہ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر مصائب ڈھائے مگر آپ نے ان کے حق میں کبھی بدعا نہیں کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رحمت والے نبی کی امت ہیں اس لئے لوگوں سے رحم کا معاملہ کریں ۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والاتم پر رحم کرے گا ۔ انہوں نے اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر مکمل عمل پیرا ہونے کی ہدایت کی تاکہ دنیا و آخرت میں سرخرو ہوسکیں ۔
حیدرآباد دکن سے آئے ہوئے مہمان مولانا عبدالقویٰ نے حب رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مسلمانوں کا ایمان اس وقت مکمل نہیں ہوسکتا جب تک وہ اپنی جان ، مال اولاد، ماں اور باپ سے زیادہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کو نہ چاہے ۔ ۔ انہوں نے کہا کہ حدیث میں آیا کہ" میری پوری امت جنت میں جائے گی سوائے منکر کے" ۔ صحابہ نے پوچھا یا رسول منکر کسے کہتے ہیں تو فرمایا جو میری اطاعت سے انکار کرے گا وہ منکر کہلائے گا ۔ آج معاشرہ قرآن و حدیث کو چھوڑ کر دنیا کی جاہ و حشم کے پیچھے پڑ گیا ہے ۔ یہی وجہ ہے رسوا ہورہے ہیں ۔
مولانا مفتی عمر ندوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان، نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی شریعت سے خود کو جوڑ لیں ۔ جب تک شریعت محمدی سے مکمل جڑ نہیں جاتے ہیں گمراہیوں میں بھٹکتے رہیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ اپنی زندگی میں اللہ کے نبی سے محبت کا دعوی زبان سے کرتے ہیں لیکن ان کی سنتوں کو چھوڑ دیتے ہیں ۔ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت ہے تو نبی کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا ۔ انہوں نے اس موقع پر تلنگانہ ویلفیئر فیڈریشن کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آج امت مسلمہ کو آپ جیسے رہبروں کی ضرورت ہے ہمیں اللہ نے مال ، علم اور طاقت نے دی ہے وہ کمزور ، غریب اور کم علم لوگوں کی مدد کیلئے عطا کی ہے ہمارا فرض ہے کہ اس طرح کے کارغیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ 
******

شیئر: