Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چمکتے دمکتے ٹکڑوں سے ساحل کے حسن میں 4چاند

ولاڈی واسٹک.... ولاڈی واسٹک کے قریب خلیج یوسری کے ساحلی علاقے میں ان دنوں بوتلوں کے ٹوٹے ہوئے ٹکڑوں نے ایک عجیب خوبصورتی اور بہار پیدا کررکھی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس ساحل پر جہاں چھوٹے پہاڑی سلسلے بھی ہیں لاکھوں کی تعداد میں رنگ برنگی بوتلیں پھینکی جاتی رہی ہیں جو زور دار سمندری لہروں کی زد میں آکر ٹوٹنے کے بعد چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں بٹ گئیں اور کنچوں کی شکل اختیار کر گئیں۔ صورتحال یہ ہے کہ ساحل پر لوگوں نے ان ٹوٹے ٹکڑوں کی وجہ شیشے کے ساحل کا نام دیدیا ہے اور جو ٹکڑا جتنی مرتبہ زیادہ سمندری لہروں کی زد میں آیا وہ اتنا ہی مدور ہوگیا یا مثلث نما ہوگیا ان پر جب دن میں سورج کی شعاعیں پڑتی ہیں تو بہت خوبصورت منظر دیکھنے کو ملتا ہے جبکہ رات کے وقت پڑنے والی روشنی بھی اسکے حسن کو چار چاند لگاتی ہے۔ دور سے دیکھنے والوں کو ایسا لگتا ہے کہ کسی نے ساحل کے کنارے رنگ برنگی موم بتیاں لگا رکھی ہیں اور انکا عکس پانی پر بھی پڑ رہا ہے۔ یہاں جو بوتلیں پھینکی گئی ہیں وہ عطر، مشروبات اور اسی قسم کی دیگر اشیاءکی خالی بوتلیں ہیں لیکن ان بوتلوں کے ٹکڑے اب ہیرے جواہرات کی شکل میں نظر آنے لگے ہیں۔ روسی اخبار سائبیرین ٹائمز نے اس ساحل پر نظر آنے والے خوبصورت مناظر کی تصاویر بھی تفصیلی خبروں کے ساتھ جاری کی ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ حکام کا کہناہے کہ روس کے مشرق بعید علاقے میں موجود اس ساحل کو انہی خصوصیات کی وجہ سے محفوظ علاقہ قرار دیا گیا ہے یعنی ہر کوئی بلا روک ٹوک وہاں نہیں جاسکتا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اس منظر کی تشکیل میں انسان کے ارادے اور عمل کا کوئی دخل نہیں سب کچھ از خود ہوا ہے۔ قریب ہی آتش فشانی پہاڑوں سے خارج ہونے والے ریت کے ذرات پھیلے ہوئے ہیں جو موسم سرما میں اسے ایک الگ رنگ دیتے ہیں اور موسم گرما اسے کسی اور حسن کا رنگ پہنا دیتا ہے۔ یہ جگہ سیاحو ںکیلئے سال بھر مقبول رہتی ہے۔
 

شیئر: