Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

54کروڑ سال پرانی محجر مخلوق

  کیمبرج ...... انسانی ارتقائی عمل پر نظر رکھنے والے سائنسدانوں اور محققوں نے نسل انسانی کے قدیم ترین جد اعلیٰ کا سراغ لگانے کا اعلان کیا ہے اورکہا ہے کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ چین کے ساحلی علاقوں سے دریافت ہونے والی یہ محجر مخلوق انتہائی ننھی اور ذرہ نما ہے۔ مگر احتمال یہی کیا جارہا ہے کہ اب سے 54کروڑ سال قبل اس پرانی مخلوق کو آج کے انسان کا جد اعلیٰ کہا جاسکتا ہے۔ یہ ننھی سمندری مخلو ق آبی حیاتیات کے ماہرین کی نظر میں اپنی جسامت کی نسبت زیادہ بڑا منہ اور لچکیلے بدن کی حامل تھی۔ کروڑوں سال بعد اسکا سراغ چینی ساحلوں پر لگایا گیا ہے اور اسکی دریافت سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ یہ مخلوق پیٹ کے اندر پیدا ہونے والی آلائشوں کو بھی منہ کے راستے ہی خارج کرتی تھی جبکہ اسکی جلد بیحد نازک اور باریک تھی۔ اس تحقیقی رپورٹ کی تیاری میں چینی سائنسدانوں کے علاوہ یونیورسٹی آف کیمبرج کے چند سائنسدانوں نے بھی حصہ لیا ۔ علم حیاتیات کے ماہرین کے مطابق ان آبی مخلوقات کو ان دوسری آبی مخلوقات کی ذیلی نسل کہا جاسکتا ہے جو دنیا میں موجود بے شمار مخلوقات کے مشترکہ جداعلیٰ کے نام سے بھی علمی طور پر جانے جاتے ہیں۔ آج کا انسان انہی آبی مخلوق کی نسل در نسل بدلتی ہوئی ارتقائی شکل و صورت کا نمونہ ہے۔ یہ رپورٹ پروفیسر سائمن کانوے موریس کی نگرانی میں مرتب ہوئی ہے۔

شیئر: