Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی ایس عزیزیہ گرلز سیکشن میں اسپورٹس ڈے

 
مہمان خصوصی سونیا شہریار تھیں، وائس پرنسپل مسز فرحت نعیم نے خیر مقدمی کلمات کہے، مارچ پاسٹ اور جمناسٹک  کا شاندار مظاہرہ،مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کئے
 
زینت شکیل ۔ جدہ
 
پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ کے گرلز سیکشن میں سالانہ اسپورٹس ڈے کا اہتمام کیا گیا۔ مہمان خصوصی قو نصل جنرل کی اہلیہ سونیا شہریار تھیں۔ مسز اصغر بیگ اور زیب النساءبلال اعزازی مہمان تھیں۔ اسپورٹس ڈے کی تیاری کئی ہفتوں سے جاری تھی۔ فاطمہ ہاوس، خدیجہ ہاوس، مریم ہاوس اور عائشہ ہاوس نے اپنے ہاوسز کی کامیابی کیلئے پوری تیاری کی تھی۔ ڈائریکٹریس آف فزیکل ایجوکیشن فاطمہ صبیحہ کی کوششیں بھی شامل رہیں۔ وائس پرنسپل فرحت نعیم کی نگرانی میں سالانہ کھیلوں کے مقابلے اور تقریب تقسیم انعامات کا اہتمام ہوا ۔ سرپرستی اسکول پرنسپل محمد بلال نے کی۔ وائس پرنسپل ، مہمان خصوصی اور اعزازی مہمانوں کے ہمراہ انتہائی خوبصورتی سے سجے راستوں سے گزر کر اسٹیج پر پہنچیں جہاں طالبات نے انہیں خوش آمدید کہا۔ آنسہ عائشہ نذیر نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی اور اسکا ترجمہ آنسہ عائشہ اعظم نے پیش کیا گیا۔ نعت رسول مقبول آنسہ زینب نے پیش کی ۔ وائس پرنسپل نے مہمانوں کے ہمراہ پاکستانی پرچم فضا میں بلند کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے پڑھے گئے اور بیجز لگائے گئے۔ اسپورٹس انچارجز کے دستے نے سلامی دی۔ جماعت نہم تا دواز دہم کی طالبات کے دستوں پاسبان وطن، ضرب مومن،عقاب اور سرفروش نے مارچ پاسٹ کیا اور خوب داد وصول کی۔ بعد ازاں ملی نغموں نے ماحول گرما دیا۔ قونصل جنرل کی اہلیہ سونیا شہریار کی موجودگی طالبات کی حوصلہ افزائی کا باعث بنی۔ وائس پرنسپل فرحت نعیم بھی پرجوش طریقے سے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتی رہیں۔ وائس پرنسپل مسز فرحت نعیم نے خیر مقدمی کلمات میں کھیلوں کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے ڈی پی ای مسز فاطمہ صبیحہ اورپی ٹی آئی مسز خالد طارق کی محنت کو خصوصی طور پر سراہا۔انہوں نے پرنسپل محمد بلال کی سرپرستی اور تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقسیم انعامات کے پہلے مرحلے میں اسپورٹس سیکریٹریز اور انچارجز میں انعامات تقسیم کئے۔ وائس پرنسپل نے مہمان خصوصی کے ہمراہ اسپورٹس کمیٹی اور سینیئر اساتذہ کو خدمات پر نشان ظفر تقسیم کئے۔ بعدازاں چاروں ہاوسز کے درمیان مقابلوں کی شروعات ہوئیں۔ عائشہ ہاوس(ہاوس مسٹریس مسز میمونہ انجم )،خدیجہ ہاوس(ہاﺅس مسٹریس مسزنسرین فاطمہ) مریم ہاوس( ہاﺅس مسٹریس مسز رفعت سلطانہ) فاطمہ ہاوس(ہاﺅس مسٹریس مسز قدسیہ قریشی) نے مقابلوں کی تیاری میں اپنی مہارت صرف کی ہر ہاﺅس کو اقبال کے شاہین کی تھیم پر ایک شعر دیا گیا تھا۔ جس کا بنیادی خیال کشمیر کے پس منظر میں انہیں اجا گر کرنا تھا۔ ہر ہاﺅس نے ایک ایک خاکہ بھی پیش کیا جس میں ایک مزاحیہ کردار شامل تھا۔ اس خاکہ کو کھیلوں سے مربوط کرنا تھا۔ تقسیم انعامات کے بعد جمناسٹک کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جو اسپورٹس ڈے کی روایت ہے ۔وردہ یاسین کو بہترین ایتھلیٹ قرار دیا گیا جبکہ عائشہ اعظم رنر اپ رہیں۔مجموعی طور پر چاروں ہاوسز میں عائشہ ہاوس پہلے ،خدیجہ اور مریم ہاﺅ سز دوسرے اورفاطمہ ہاﺅس تیسرے نمبر پر رہا۔
مہمان خصوصی مسز سونیا شہر یار نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سے پہلے اتنا خوبصورت پروگرام نہیں دیکھا۔ انہوں نے طالبات کے ڈسپلن کی بھی تعریف کی۔ حاضرین کا خیال تھا کہ مقابلے کانٹے کے تھے۔ تمام طالبات نے اپنے ہاوسز کیلئے بھرپور محنت کی تھی۔ جمناسٹک کو خاص طور پر پسند کیا۔ ففٹی ففٹی کی طرز پر خاکے بھی پسند کئے گئے ۔فاطمہ صبیحہ کی بہترین کمپیئرنگ سے طالبات میں جوش و خروش پیدا ہوا جبکہ بنت الحسن کی کمپیئرنگ بھی بہترین رہی۔ اسپورٹس ڈے اور تقریب تقسیم انعامات طالبات کیلئے ایک یادگار دن بن گیا۔ اس یادگار موقع پر طالبات نے مہمان خصوصی اور وائس پرنسپل کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں۔
******

شیئر: