Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپ کی مدد سے گمشدہ بچوں کا سراغ

بیجنگ ........ چین کے عالمی شہرت یافتہ کاروباری ادارے علی بابا گروپ ہولڈنگ لمیٹڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے ایک نئے موبائل ایپ کی مدد سے چین میں سیکڑوں گمشدہ بچوں کا سراغ لگایا جاچکا ہے۔ چینی خبررسا ں ایجنسی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے اور منسٹری آف پبلک سیکیورٹی کا کہناہے کہ611لاپتہ بچوں کو 2016ءمیں مختلف جگہوں سے ڈھونڈ کر انکے گھروں اور رشتہ دارو ںتک پہنچا دیا گیا۔ علی بابا گروپ کا کہناہے کہ اس نے یہ ایپ بطور خاص پولیس اور متعلقہ حکام کی مدد کیلئے تیار کیا ہے۔ اسکا طریقہ استعمال کچھ ایسا ہے کہ موبائل ایپ کا صارف پہلے اس جگہ کی نشاندہی کرتا ہے جہاں سے بچہ غائب ہوا تھا یا جہاں وہ آخری بار دیکھا گیا تھا۔ اسکے بعد اس میں لاپتہ کے نام سے ایک پش بٹن ہے جسے دبا نا پڑتا ہے پھر ایپ کام کرنے لگتا ہے۔ اس بٹن کے استعمال سے بچے کی تصویر اور دیگر تفصیلات بھی ایپ کے ذریعے تمام جگہوں پر پھیل جاتی ہیں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے موبائل صارفین کو مطلع کردیا جاتا ہے کہ یہ بچہ اس جگہ سے اتنے دن قبل غائب ہوا تھا ۔ ذرائع کے مطابق اس ایپ کی کارکردگی میں نومبر 2016ءمیں کچھ اور اضافہ کیا۔ جس کے بعد یہ ایپ دوسرے مقبول موبائل ایپس کے ساتھ مل کر بچوں کی تلاش کی مہم کا دائرہ وسیع تر کرتا ہے ۔ واضح ہو کہ چین میں بچوں کا اغوا اور غیر قانونی تجارت کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے ۔ حالیہ سرکاری اقدامات کے نتیجے میں اس میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے مگر یہ بالکل ختم نہیں ہوا ہے جبکہ بوڑھے والدین کا یہی بچے سہارا ہوتے ہیں ۔ ملک میں ایک خاندان ایک بچہ کی پالیسی نے بھی بچوں کو بہت گرانقدر کردیا ہے۔ 

شیئر: