Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماورا کی اسماءراشد کی یاد میں تعزیتی نشست

 
زندگی میں کامیابی والدین کی اعلیٰ تربیت کی مرہون منت ہے، گھر کی دنیا میں ماں حکمراں ہوتی ہے، بیگم نرگس فیصل کاکڑ
 
جاوید اقبال ۔ ریاض
 
خواتین کی ادبی و ثقافتی تنظیم ماورا کے زیر اہتمام تعزیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا ۔ ماورا کی رکن اسماءارشد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یہ نشست رکھی گئی تھی۔ مہمان خصوصی بیگم سفیر پاکستان نگہت منظور تھیں لیکن ناگزیر وجوہ کی بناءپر وہ تقریب میں شرکت نہ کرسکیں۔ انکی نیابت بیگم ہیڈ آف چانسری نرگس شاہ فیصل کاکڑ اور بیگم کمیونٹی ویلفیئر افسر سمیرہ محمود نے کی۔
تلاوت قرآن پاک کے بعد انیسہ عبدالمالک مجاہد کا درس ہوا ۔ انہوں نے زندگی موت اور روزحساب پر روشنی ڈالتے ہوئے دین اسلام کے منافی حالات سے نبرد آزما ہونے کی تلقین کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج صراط مستقیم پر چلنا جہاد سے کم نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماوں کو چاہئے کہ اپنی اولاد کو نیکی اور دین کی راہ اپنانے کا چلن سکھائیں۔ تنظیم کی صدر تسنیم امجد نے اسماءارشد کی زندگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ بہت اچھی ادیبہ تھیں۔ ذاتی مصروفیات سے نبردآزما ہونے کے ساتھ معاشرتی مسائل کو بھی احاطہ تحریر میں لاتی رہتی تھیں۔ انہوں نے خواتین کی دیگر تنظیموں کیلئے بھی فیچر اور ڈرامے لکھے ۔ انہوں نے کہاکہ وقت کے بے رحم سمندر میں انسان لہروں کے سہارے ہوتا ہے اور موجیں اسے ادھر ادھر اچھالتی رہتی ہیں۔ اسماءارشد کی بیٹی ڈاکٹر ماہین نے اپنی والدہ کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انکے ساتھ گزارے وقت کا ہر لمحہ یاد ہے۔ یوں لگتاہے جیسے وہ ابھی تک گھر میں انکے ساتھ ہی ہیں۔کسی کمرے سے باہر آکر بیٹی کو چائے کا ایک کپ لانے کو کہیں گی۔ ڈاکٹر حنا امبرین طارق نے بھی ماں کے خواص کو منظوم خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی ماں کی خواہشات و مہربانیوں کا ہی دوسرا رخ ہوتی ہے۔اپنی بیٹی کی تربیت میں ماں اپنی زندگی قربان کردیتی ہے۔ ماں چاہتی ہے کہ اس کی بیٹی مکمل انسان بنے اور یہ کہ اولاد کی کامیابیاں اور اعلیٰ مقام ماں کے دم سے ہی ہوتے ہیں۔ 
ارم عامر نے ماں کے وجود کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میری والدہ شعبہ تعلیم سے وابستہ رہیں۔ ڈاکٹریٹ کرنے کے باوجود انہوں نے میری پرورش میں کبھی کوتاہی نہیں کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہوں اپنی والدہ کی تربیت اور کاوشوں کی وجہ سے ہوں۔ 
ساجدہ چوہدری باجوہ نے اسماءارشد کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ”ماورا“ کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ حق دوستی ادا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ماں یقینا وہ ہستی ہے جسکی محبتوں کا کوئی معاوضہ نہیں دیا جاسکتا۔ ماں ہی بیٹی کی شخصیت کو ہر رخ سے سجاتی ہے اور اس میں گھر ، گھرہستی ، مذہب و تہذیب کے رنگ بھرتی ہے۔ مہمان خصوصی بیگم نگہت منظور کی نیابت کرتے ہوئے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کی بیگم سمیرہ محمود نے ماں کی عظمت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تقدیر کے ساتھ تدبیر بھی ضروری ہے۔ والدین، بچوں کی تربیت اور پرورش میں دن رات ایک کردیتے ہیں۔ ماں کی موجودگی میں باپ بے فکر ہوکر اپنی ذمہ داریاں نبھاتا ہے۔ اپنی محبت کے طفیل ماں اولاد کو ہر غلط اثر اور مشکل سے محفوظ رکھتی ہے۔ ہر بچہ حسن فطرت کا عکس ہوتا ہے تاہم ماں کی صحبت میں وہ پاکیزگی اور معصومیت کی تصویر بن جاتا ہے۔ بیگم سمیرہ محمود نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو اپنے والدین کا شکر گزار ہونا چاہئے۔ انہوں نے بیگم نگہت منظور کا پیغام سنایا کہ انکی عدم شمولیت کی بناءپر انہیں بھی اسماء ارشد کیلئے کی گئی دعا میں شامل کرلیا جائے۔
مہمان خصوصی کی نیابت کرتے ہوئے ہیڈ آف چانسری شاہ فیصل کاکڑ کی بیگم نرگس فیصل کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماں اور اولاد کا ایسا رشتہ ہے کہ اس پر جتنا بھی کہا جائے کم ہے۔ زندگی عمل، جدوجہد اور نیک نیتی سے عبار ت ہے اور اس میں کامیابی کا انحصار والدین کی اعلیٰ تربیت اور انکی اطاعت میں منحصر ہے۔ ماں گھر کے اندر کی دنیا کی حکمران ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے گھر میں بھی ماں ہی انکی تربیت کی ضامن رہیں جبکہ بابا کو یہ تسلی رہتی تھی کہ بچوں کی پرورش حسب منشاءہورہی ہے۔ انیسہ عبدالمالک مجاہد نے آخر میں اسماءارشد کیلئے دعا کرائی۔
******

شیئر: