Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل انڈین اسکول دمام میں یوم جمہوریہ پرتقریب

 
 طلباء وطالبات اور اساتذہ کے ساتھ دمام میں مقیم ہندوستانی تارکین کی بڑی تعداد نے ترنگا لہرایا 
 
انٹرنیشنل انڈین اسکول دمام میں یوم جمہوریہ کی تقریب پورے جوش وخروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ طلباء وطالبات اور اساتذہ کے ساتھ دمام میں مقیم ہندوستانی تارکین کی بڑی تعداد نے ترنگا لہرایا ۔ 
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور اس کے ترجمے سے کیا گیا ۔ اسکول مینجنگ کمیٹی کے چیئرمین عبد الوارث مہمان خصوصی تھے۔ ڈاکٹر صدیق احمد چیئرمین ارم گروپ نے بحیثیت مہمان شرکت کی ۔ ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے عوامی نمائندوں، سماجی کارکنوں اور اسکول مینجنگ کمیٹی کے ممبران کو طلباءنے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔
مہمان خصوصی و چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی انٹرنیشنل انڈین اسکول دمام عبدالوارث اور مہمان ڈاکٹر صدیق احمد نے رسم پرچم کشائی کی۔ طلباءنے قومی ترانہ پڑھا ۔ اسکول کپتان طالب علم انوبھو شرما نے مارچ پا سٹ کی قیادت کی۔ اس موقع پر چیئرمین مینجنگ کمیٹی عبد الوارث نے یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے۔ دستور میں ہر شخص کو مذہبی آزادی دی گئی ہے ۔ قومی پرچم ہمارے اتحاد کا علمبردار ہے ۔ ہندوستانی ہونے پر فخر ہے ۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارا ملک ہندوستان ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔ دنیا کے ہر شعبے میں ہم آگے جارہے ہیں۔ انہوں نے طلباءسے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ ہندوستان کا روشن مستقبل ہیں ۔ 
پرنسپل انٹرنیشنل انڈین اسکول دمام ڈاکٹر ای کے محمد شافی نے شاندار تقریب میں مہمانوں اور ہندوستانی عوام کا استقبال کیا اور صدر جمہوریہ ہند کے پیغام کا خلاصہ پڑھ کر سنایا۔
طلباءاور طالبات نے کلچرل پروگرام پیش کئے ۔ کلچرل پروگرام اور ڈرل میں 1500 سے زیادہ بچوں نے حصہ لیا۔
 طلباءکو تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا ۔
  اس موقع پر بتایا گیا کہ دبئی میں ہونے والی 29 ویں پرنسپل کانفرنس میں انڈین اسکول دمام کو اس کے شاندار تعلیمی ریکارڈ پر بیسٹ سی بی ایس ای اسکول سعودی عرب کے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔
پرنسپل انٹرنیشنل انڈین اسکول دمام نے یہ ایوارڈ چیئرمین اسکول مینجنگ کمیٹی عبدالوارث کے حوالے کیا۔ قومی ترانے پروقار تقریب کا اختتام ہوا۔
******

شیئر: