Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بزم رباب صحرا اور این آر آئیز فورم کے تحت تقریب

 
ریاض کی ادبی شخصیت میر احمد علی، صحافی محمد سیف الدین، معروف شعراءحشمت صدیقی اور ملک محی الدین کی خدمات کا اعتراف 
 
کے این واصف ۔ ریاض
 
بزم رباب صحراء اوراین آر آئیز فورم ریاض کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ریاض کی ادبی شخصیت میر احمد علی، صحافی محمد سیف الدین ، معروف شعراءحشمت صدیقی اور ملک محی الدین کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ میر احمد علی، حشمت صدیقی او رملک محی الدین خروج نہائی پر وطن لوٹ رہے ہیں۔
ناظم تقریب ابو نبیل خواجہ مسیح دکنی کے رسمی خیر مقدمی کلمات کے بعد میر فراست علی خسرو نے میر احمد علی پر مضمون پیش کیا انہوں نے بتایا کہ 1980ءکی ابتدائی دہائی میں سرزمین ریاض میں ادبی محفلیں شروع کرنے میں میر صاحب کا اہم کردار رہا ہے۔ ادبی و شعری نشستیں منعقد کرنے کے علاوہ میر احمد علی اعلیٰ ادبی ذوق بھی رکھتے ہیں ان کا مطالعہ بیحد وسیع ہے۔ انکے گھر سامان میں زیادہ کتابیں نظر آتی ہیں۔ میر صاحب کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے مولانا ابو الکلام آزاد کو بہت زیادہ پڑھا ہے۔ آزاد پر لکھی اور آزاد کی لکھی سیکڑوں کتابیں ان کے پاس موجود ہیں وہ ماہر ابوالکلام آزاد مانے جاتے ہیں۔ ادبی اور دیگر موضوعات پر ذاتی لائبریری میں سیکڑوں کتابیں ہیں۔
صحافی تجمل علیخان نے محمد سیف الدین کے صحافتی سفر کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں پر یکساں قدرت رکھتے ہیں۔ زمانہ طالب علمی سے لکھنے کا شوق رہا۔ ایک عرصے ہندوستان میں بھی اخبارات سے منسلک رہے۔ انہوں نے خلیجی ممالک میں مقیم ہندوستانی تارکین وطن کے مسائل پر عالمی سطح پر معروف ویب سائٹ یا ہند ڈاٹ کام پر سلسلہ وار مضامین لکھے جو بعد میں ایکسپٹ رائڈ کے نام سے کتابی شکل میں منظر عام پر آئی اس کتاب نے ہند بھر میں مقبولیت حاصل کی۔ یہاں تک کہ اس کتاب سے متعلق سوال آئی اے ایس کے امتحانی پرچے میں کیاگیا۔ جنوری 2013ءمیں پرواسی بھارتیہ دیوس (این آر آئیز کا سالانہ جشن) کے تھیم پیپر کی تیاری کیلئے بھی کتاب سے استفادہ کیا گیا تھا۔ 
ابتداءمیں حافظ محمد شاہد علیخان کی قرات کلام پاک کے بعد جنرل سیکریٹری بزم رباب صحراءخورشید الحسن نیر نے خیر مقدم کیا اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا مختصر تعارف بھی پیش کیا۔ مہمان خصوصی پروفیسر اقبال اعجاز بیگ نے اس موقع پر ریاض کی ادبی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
تہنیتی تقریب کے بعد میر احمد کی صدارت میں مختصر شعری نشست ہوئی۔ ابو نبیل خواجہ مسیح دکنی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ہندوستانی کمیونٹی کی جن معروف شخصیات نے تہنیت پیش کی ان میں ڈاکٹر عزیرغازی، محمد قیصر ، میر فراست علی خسرو اور انجینیئر عبدالحمید شامل تھے۔ شعری نشست میں جن شعراءنے اپنا کلام پیش کیا ان میں پروفیسر اقبال اعجاز بیگ، شوکت جمال، طاہر بلال، ابو نبیل ، رضوان الحق الہ آبادی، صغیر احمد، سجاد فکری، خورشید الحسن نیر، حشمت صدیقی اور ملک محی الدین شامل تھے۔ قائم مقام صدر این آر آئیز فورم ریاض ڈاکٹر سعید محی الدین نے شکریہ ادا کیا اور نائب صدر ثقافتی امور شکیل ماہ نے انتظامات کی نگرانی کی۔
٭٭٭٭٭٭

شیئر: