سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کورونا کی وبا سے مقابلے، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اس وبا سے بچانےکے لیے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہیں.
انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔ وبا سے متعلق مشترکہ عالمی جدوجہد کو اہم اور ضروری سمجھتے ہیں.
سعودی کابینہ نے مسئلہ فلسطین سے متعلق عرب وزرائے خارجہ کے آن لائن اجلا س کے سامنے اپنے غیر متزلزل موقف کااعادہ کیا اور کہا کہ مسئلہ فلسطین سعودی عرب کا پہلا مسئلہ تھا ہے اور رہے گا.
سعودی عرب 1967 کے علاقوں میں خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے سے متعلق فلسطینی عوام کا حامی تھا ہے اور رہے گا۔
سعودی کابینہ نے سعودی شہروں میں بیرونی اشتہارات کی نئی حکمت عملی کی بھی منظوری دی۔
سعودی کابینہ نے صحرائے سینا میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے مصر کو اپنی مکمل تائید و حمایت کا یقین دلایا.
کابینہ نے کرغیزستان کی نیوز ایجنسی کے ساتھ تعاون کے معاہدے کا اختیار وزیر اطلاعات کو تفویض کردیا .
جبوتی کے ساتھ ماحولیات کے بارے میں مفاہمتی یادداشت، کامن ویلتھ بہاما کے ساتھ فضائی نقل و حمل کی مفاہمتی یادداشت اور عراق کے ساتھ نقل و حمل کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی ہے۔