Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن مستعفی

واشنگٹن .....امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن امریکا میں روسی سفیر سے رابطے کے انکشاف کے بعد مستعفی ہوگئے۔ وائٹ ہاوس میں قومی سلامتی کونسل کے سابق چیف آف اسٹاف ریٹائرڈ جنرل کیتھ کیلوگ کو قائم مقام قومی سلامتی مشیر مقرر کردیا گیا۔ سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ریٹائرڈ جنرل ڈیوڈ پٹریوس کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ مشیر سلامتی امور مائیکل فلن کی جانب سے امریکی نائب صدر مائیک پینس کو اس بات کا یقین دلایا گیا تھا کہ انہوں نے کبھی روسی انتظامیہ سے روس پر عائد امریکی پابندیوں کو اٹھانے سے متعلق تبادلہ خیال نہیں کیا بعد ازاں انکشاف ہوا کہ وہ اس موضوع پر روسی سفیر سے بات کرچکے ہیں۔مائیکل فلن نے استعفے میں اس بات کو تسلیم کیا گیا کہ انہوں نے نائب صدر کو روسی سفیر سے ٹیلی فونک رابطے کی مکمل تفصیلات بیان نہیں کی تھیں اس بات پر صدر اور نائب صدر سے معافی بھی مانگی۔ مائیکل فلن شروع سے ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی رہے ہیں۔امریکی حکام کی فراہم کردہ معلومات میں تصدیق کی گئی کہ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے قبل قائم مقام اٹارنی جنرل سیلی یئیٹس نے وائٹ ہاوس کو آگاہ کیا تھا کہ اس بات کا یقین ہے کہ مشیر سلامتی امور روسی سفیر سے اپنے روابط کی گمراہ کن تفصیلات پیش کررہے ہیں۔

شیئر: