Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمان کا وزن2سال میں 100کلو ہوگا

ممبئی ..... دنیا کی وزنی ترین خاتون ایمان احمد کو اپنا وزن 500کلو گرام سے کم کرکے 100کلو گرام تک کرنے میں 2سال لگیں گے۔ ایمان احمد مصری خاتون ہیں اور انہیں چند دن قبل ہی اسکندریہ سے ممبئی لاکر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ڈاکٹروں کے مطابق 36سالہ خاتون کو ابھی بڑا راستہ طے کرنا ہے۔ انہیں نیند کی کمی کی شکایت ہے۔ ذیابیطس ہے۔ ہائیپر ٹینشن ہے،گردوں کا مسئلہ ہے اور سب سے بڑھ کر مٹاپا ہے۔نہ وہ اٹھ کر بیٹھ سکتی ہیں اور نہ ہی خود سے کھانا کھاسکتی ہیں۔ انہیں اس وقت زیادہ پروٹین اور ریشہ والی خوراک دی جارہی ہے تاکہ وزن کم ہوسکے۔ باقاعدہ علاج میں تقریباً ایک ماہ اور لگے گا۔ سرجن ڈاکٹر مفضل لاکھڑا والا نے کہاکہ خاتون کے خاندان میں مٹاپے کا کوئی شکار نہیں۔ ابتدائی 6 ماہ میں انکا وزن 200کلو گرام کم کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جب وہ وطن واپس جائیں تو کرسی پر بیٹھنے اور خود کھانا کھانے کے قابل ہوں۔ ایمان احمد کو دوسرے آپریشن کیلئے 2سال بعد واپس آنا ہوگا تاکہ مزید 200کلو گرام وزن کم کیا جاسکے۔ ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی کہ آخر کار انکا وزن 100کلو گرام تک لایا جائیگا۔ ان دنوں ایمان احمد سیفی اسپتال میں ایک سیلیبریٹی کی حیثیت سے ہیں۔ ہر کوئی انہیں دیکھنے کیلئے آرہا ہے۔ وقت گزاری کےلئے وہ اپنے کمرے میںشاہ رخ اور عامر کی فلمیں دیکھ رہی ہیں۔ انکی بہن شائمہ احمد نے کہا کہ پچھلے3 دنوں میں انکی زندگی میں کافی تبدیلی آئی ہے اور اب ہمیں بھی کچھ امید بندھی ہے۔
 

شیئر: