Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایڈیٹر گرفتار

نئی دہلی ...یوپی پولیس نے ہندی دینک جاگرن کی آن لائن سروس جاگرن ڈاٹ کام کے ایڈیٹر کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی پاداش میں گرفتار کر لیا ۔ جاگرن ڈاٹ کام نے یوپی میں پہلے مرحلے کی پولنگ کے اختتام پر ساڑھے 7بجے شام ایگزٹ پول جاری کئے تھے جس میں بی جے پی کو سرِ فہرست ، بی ایس پی کی دوسری پوزیشن اور سماجوادی کانگریس اتحاد کی تیسری پوزیشن دکھائی گئی تھی جس پر میڈیا کے دیگر حلقوں نے سخت اعتراض کیا اور اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی قرار دی ۔ جاگرن ڈاٹ کام سے تھوڑی دیر بعد ایگزٹ پول واپس لے لیا گیا لےکن چونکہ ارتکابی جرم ہو چکا تھا اس لئے الیکشن کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے یوپی کے 15مغربی اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں اور الیکشن افسران کو ہدایات جاری کیں کہ دینک جاگرن کی ویب سائٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق تعزیرات ہند کی دفعہ 188اور عوامی نمائندگان ایکٹ کے سیکشن 126Aاور126Bکے تحت مقدمات قائم کئے گئے ۔ جن کے تحت ارتکاب جرم کرنےولے کو عدالت کی اجازت کے بغیر پولیس گرفتار کر سکتی ہے ۔ یوپی پولیس بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کےخلاف از خود نوٹس بھی لے سکتی ہے ۔ پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے جاگرن ڈاٹ کام کے ایڈیٹر شیکھر ترپاٹھی کو فوری طور پر گرفتار کر لیا ۔ دیگر صحافیوں کی گرفتار ی کے لئے بھی گھروں پر چھاپے مارے ۔ دینک جاگرن نے بھی اپنا بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یگزٹ پول غیر ارادی طور سے جاری ہو گئے تھے ۔

شیئر: