Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف:سابق رکن اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ

 
 
 نواز شریف کی قیادت میں ملک ریکارڈ ترقی کررہا ہے، معیشت مضبوط ہورہی ہے،حاجی مدثر قیوم ناہرا کی اردونیوز سے گفتگو
 
ام علی بڈانی ۔ طائف
 
گوجرانوالہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ناہرا گروپ کے سربراہ سابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرا عمرہ کی سعادت کے لئے سعودی عرب آئے تومسلم لیگ (ن) طائف کے عہدیداران نے مقامی ہوٹل میں انکے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا ۔ مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر مرزا الطاف حسین، جنرل سیکریٹری محمد نور آرائیں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور تقریب کو چار چاند لگادیئے۔
حاجی مدثر قیوم ناہرا قائد ناہرا گروپ، سابق ایم این اے رہ چکے ہیں۔ انکے بڑے بھائی چوہدری مظہر قیوم ناہرا وفاقی پارلیمانی سیکریٹری پانی و بجلی اور حلقہ این اے100سے رکن اسمبلی ہیں۔ حاجی مدثر قیوم ناہرا نے 15سال قبل سیاست میں قدم رکھا ۔ پہلی مرتبہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے ایم پی اے کا الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے۔ تقریب کے دوران حاجی محمد قیوم ناہرا نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک ریکارڈ ترقی کررہا ہے۔ پاکستان کی معیشت اور مضبوط ہورہی ہے۔ پوری دنیا کی نظریں اب پاکستان کی طرف ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا رخ بھی اب پاکستان کی جانب ہے۔ سی پیک منصوبہ ہمارے ملک کیلئے کارگر ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں سرگرم ہیں۔پاکستان کے خلاف نت نئے پروپیگنڈے کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ ملکی ترقی ان سے برداشت نہیں ہورہی لیکن پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہے۔ دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑیگی۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک ایسا منصوبہ ہے جس سے آنے والے وقت میں پاکستانیوں کو روزگار کےلئے کسی دوسرے ملک میں نہیں جانا پڑیگا۔اس منصوبے سے پورے پاکستان کا مفاد وابستہ ہے۔ پاکستانیو ںکے مسائل حل ہونگے اور انہیں ہر طرح کی مراعات ملیں گی۔ وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں درپیش مسائل کے حل او رانکی جائداد کو محفوظ بنانے کیلئے خصوصی ادارہ قائم کیا گیا ہے جسے پورے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم ملکی ترقی میں اہم کردارادا کررہے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر مرزا الطاف حسین، محمد نور آرائیں، چوہدری شہباز احمد، ملک حمایت ، ڈاکٹر محمد عارف، ڈاکٹرخورشید انور، راجہ ظفر اقبال، چوہدری محمد بوٹا، عمران بھٹی، علی رضا بھٹی، کے علاوہ بڑی تعداد میں کمیونٹی نے شرکت کی۔
******

شیئر: