Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابی رشوت کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا جائے،نسیم زیدی

نئی دہلی... چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر نسیم زیدی نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا کہ تعزیرات ہند کے تحت انتخابی رشوت خوری کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیاجائے۔ الیکشن کمیشن ایک طویل عرصہ سے مطالبہ کررہا ہے کہ تعزیرات ہند کی دفعات 171 بی / 171 ای میں ترمیم کی جائے ۔اس وقت میں ان دونوں دفعات کے معاملات میں ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جاسکتاہے۔ جرم ثابت ہونے پر اسے ایک سال کی سزا یا جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں۔ ناقابل ضمانت جرم قرار دینے پر پولیس کو اس بات کا اختیار مل جاتا ہے کہ وہ ملزم کو بغیر وارنٹ کے گرفتار کرلے۔ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں رائے دہندگان کو رشوت دینے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انتخابات میں شفافیت کا دعویٰ درست ثابت نہیں ہوتا۔ بدعنوانی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے کیونکہ ملزم ایک سال کی سزائے قید یا جرمانہ بھر کے رہا ہوجاتاہے۔ الیکشن کمیشن نے مرکزی وزارت داخلہ سے کہا کہ وہ انتخابی رشوت کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کیلئے کام کرے۔ 2012 ءمیں اسی طرح کا ایک مکتوب روانہ کیا گیا تھا جس پر وزارت داخلہ نے ترمیمی بل تیار کیا تھا ۔ وزارت قانون سے رائے طلب ضرور کی گئی تھی لیکن ابھی تک اسے کابینہ کی منظوری کیلئے پیش نہیں کیاگیا۔ 

شیئر: