Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر ایوب کے اعزاز میں الوداعی تقریب

 
 بیشہ میں 16سال گزارے جو زندگی کا اثاثہ ہے ،کمیونٹی کی خدمت میرا اخلاقی اور قومی فرض تھا ،ڈاکٹر ایوب قائم خانی کا خطاب
 
جی ایس ایوب ۔ بیشہ
 
کنگ عبداللہ اسپتال میں طویل عرصہ خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر محمد ایوب قائم خانی کے اعزاز میں محمد حنیف ناشاد نے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں ڈاکٹروں کے علاوہ کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے میزبان محمد حنیف ناشاد نے ڈاکٹر ایوب قائم خانی کی کمیونٹی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کمی کو شدت سے محسوس کیاجائیگا۔ بیشہ کمیونٹی آپ کی اس خدمت اور جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں بھائی چارے کی فضا قائم رکھیں۔ چھوٹے اختلافات کو تنازع کی شکل نہ دی جائے۔ ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک رہیں۔ ذاتی انا اور منافقت سے گریز کریں، ہم سب پاکستانی ہیں۔ ہر نماز کے بعد وطن عزیزکیلئے خصوصی دعا کیا کریں۔ ڈاکٹر سید ابرار، ڈاکٹر مونس اور ڈاکٹر سلیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ایوب قائم خانی کی کمیونٹی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کی صحت و تندرستی اور زندگی میں مزید کامیابیوں کیلئے دعا کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایوب نے محمد حنیف ناشاد اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بیشہ میں الحمدللہ 16سال کا عرصہ گزارا ہے جو میری زندگی کا اثاثہ ہے ۔ خواہش تھی کہ کچھ عرصہ مدینہ منورہ میں گزاروں، اللہ تعالیٰ نے میری خواہش کو پورا کیا۔ بیشہ کی یادیں زندگی کی سنہری یادیں ہیںجہاں تک کمیونٹی خدمات کا ذکر کیا گیا وہ میرا اخلاقی اور قومی فرض تھا ۔ ہموطنوں کی خدمت پر خوشی اور فخر محسوس ہوتاہے۔ جہاں تک ممکن ہوتا تھا میں ہر ایک کے کام آنے کی کوشش کرتا تھا اس کے باوجود کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت چاہتاہوں۔ انہوں نے کہاکہ ساتھی ڈاکٹر حضرات کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ محبت اور شفقت کی نگاہ سے دیکھا جیسا کہ محمد حنیف بھائی نے کمیونٹی کے اتحاد اور اتفاق پر بات کی ہے میں بھی یہی اپیل کرونگا ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں ۔ ایک دوسرے کے کام آنا ہے۔ وطن عزیز کیلئے دعا کریں ملک اس وقت بدامنی کا شکار ہے میں تمام کا شکر گزار ہوں ۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت وتندرستی دے۔ 
تقریب میں ڈاکٹر ریحان، ڈاکٹر نسیم درانی، ڈاکٹر ندیم، قمر حفیظ، ڈاکٹر معین ، ڈاکٹر نوید چاولہ،ڈاکٹر عمر، ڈاکٹر محمد عارف حسین، ڈاکٹر شعیب، ڈاکٹر عار ف خان، ڈاکٹر اشتیاق، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر خان بادشاہ، ڈاکٹر مدثر، ڈاکٹر ارشد انور، ڈاکٹر وحید شاہ، خالد منان، محمد قیوم اور دیگر نے شرکت کی۔
******

شیئر: