Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی طیارے کا پائلٹ سوتا رہا

ممبئی ..... ممبئی سے لندن جانے والے جیٹ ایئرویز کے طیارے میں ایک پائلٹ سوتا رہا جبکہ دوسرا پائلٹ طیارے کو غلط راہ پر اڑاتا رہا۔ طیارے میں 330مسافر اور عملے کے 15ارکان سوار تھے۔ اگرچہ یہ واقعہ ایک ہفتے قبل پیش آیا لیکن تحقیقاتی حکام نے منگل کو رپورٹ جاری کی۔اطلاعات کے مطابق شریک پائلٹ نے اپنے ہیڈسیٹ کی آواز بھی کم کررکھی تھی اور وہ جرمن ایئرٹریفک کنٹرول کے انتباہ کو بھی نہیں سن سکا۔ جیٹ ا یئرویز کی ایک اعلی افسر نے کہاکہ واقعہ کی تحقیقات شہری ہواباز ی کا ادارہ کررہا ہے اور اس موقع پر ہم کچھ کہنے سے قاصر ہیں۔خبر کے مطابق پائلٹوں سے بات کرنے میں ناکامی پر جیٹ ایئرویز کے دہلی، لندن کے عملے سے جرمن ایئر ٹریفک کنٹرول نے رابطہ کیا جس کے بعد پائلٹ نے ہندوستان میں فلائٹ آپریشن سے بات کی۔انہوں نے سیٹلائٹ فون کے ذریعے غلط راہ پر پروازکرنے والے طیارے کے پائلٹوں سے بات کی اور یوں طیارہ اپنی راہ پر واپس آگیا۔ طیارے کا رابطہ بھی کئی منٹ تک منقطع رہا تھا۔ یہ اس وقت جرمن فضائی حدود میں پرواز کررہا تھا۔ احتیاط کے طور پر طیارے اور اسکے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جرمن فضائیہ کے طیاروں نے بھی پروازشروع کردی تھی۔ طیارہ بحفاظت لندن ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا

شیئر: