Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

والدین کو اولڈ ہوم بھیجنا بڑا گناہ ہے، الحذیفی

مکہ مکرمہ .... مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے واضح کیا ہے کہ دنیا کو چلانے کے لئے اللہ تبارک و تعالیٰ نے محکم قوانین بنائے ہیں۔ انہیں سمجھا جائے۔ ہماری کائنات بڑی وسیع و عریض ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی ناقابل تغیر نشانیوں سے بھری پڑی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے کائناتی قوانین میں کوئی ردوبدل نہیں ہوسکتا۔ اللہ تعالیٰ کے کائناتی قوانین سرمو منحرف نہیں ہوتے۔ یہ غیر متزلزل ہیں۔ ان میں معمولی تبدیلی کائنات کے پورے نظام کو الٹ پلٹ کر رکھ دے گی۔ مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے جمعہ کا خطبہ حقوق کے موضوع پر دیتے ہوئے خبردار کیا کہ والدین کو اولڈ ہوم کے حوالے کرنے والے سنگین نتائج بھگتیں گے۔ انہوں نے ایمان افروز روحانی ماحول میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے اور بندوں کے حقوق مقرر کئے ہیں۔ جو بندے حقوق ادا کرینگے پہلے انہیں دنیا میں ان کا فائدہ ملے گا اور آخرت میں اجر و ثواب سے مالا مال ہونگے۔ امام الحذیفی نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اہل ایمان کے عمل صالح کو کبھی ضائع نہیں کرتا۔ جو بندے حقوق کے سلسلے میں کوتاہی یا لاپروائی یا لاتعلقی کا مظاہرہ کرتے ہیں حقوق ضائع یا ترک کردیتے ہیں انہیں دنیا اور آخرت دونوں میں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔ اگر کسی نے رب العالمین کے حقوق ادا نہیں کئے تو اس سے اللہ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ اللہ بے نیاز ہے ۔ اگر کسی انسان نے بندوں کے حقوق گنوائے تو اللہ تعالیٰ اسے اس بات پر دنیا میں بھی سزا دیگا اور آخرت میں بھی اسے عذاب سے دوچار ہونا پڑیگا۔ امام الحذیفی نے بتایا کہ اللہ اور اسکے رسول کے بعد سب سے عظیم معتبر اور محترم حقوق والدین کے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے حق کے ساتھ والدین کے حقوق کا تذکرہ کیا ہے۔والدین کا یہ رتبہ اور یہ مقام اس وجہ سے ہے کہ اولاد کی دنیا میں آمد کا باعث ماں باپ ہی بنتے ہیں۔ ماں اولاد کی خاطر بڑی مشقتیں اور زحمتیں جھیلتی ہے۔ ماں باپ بچوں کی خاطر نہ دن کے آرام کا خیال کرتے ہیں اور نہ رات کے سکون کا۔ بچوں کی معمولی تکلیف کی خاطر والدین بڑی قربانیاںدیتے ہیں۔ اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے احادیث مبارکہ میں والدین کے حقوق کی پاسداری کی بڑی تاکید کی ہے۔ قرآن و سنت میں والدین کی نافرمانی پر بڑی وعیدیں آئی ہیں۔ والدین ہی باب الجنتہ ہیں۔ امام الحذیفی نے کہاکہ والدین کی کثرت سے نافرمانی قیامت کی علامتوں میں سے ایک ہے۔ والدین کو اولڈ ہوم کے حوالے کردینا بدترین نالائقی، نافرمانی اور بغاوت ہے۔ والدین کے ساتھ دشنام طرازی کرنا، انہیں انکے حقوق سے محروم کرنا بہت بڑا گناہ ہے۔ امام حرم شیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی ہر لمحے ایک شان ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ہر شے مخصوص مقدار کے ساتھ پیدا کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ہر شے کی بقاءاس کے وجود اور اسکے تسلسل کے قاعدے قانون مقرر کئے ہیں۔ امام حرم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین ، اپنی شریعت اور اپنے محبوب بندو ںکی نصرت کے حوالے سے بھی قاعدے ضابطے جاری کئے ہیں۔ اقوام پر عذاب اور انکی ہلاکت کے قوانین بھی قرآن میں نازل کئے گئے ہیں۔ اللہ نے واضح کیا ہے کہ توحید اور عمل صالح ہی امت مسلمہ کی نصرت ، دنیا میں اقتدار ، دشمنوں پر غلبے کی کلید ہے۔ امت کے دشمنوں کا بھی ایک وقت متعین کردیا گیا ہے۔ ان پر عذاب کا جو وقت مقرر ہوگا اس وقت عذاب ضرور نازل ہوگا۔ کوئی اس میں شک کرتا تو کرے۔ حقیقت تبدیل نہیں ہوگی۔ کفر اور شرک کرنے والی اقوام کی زبان درازی اور غرور سے کوئی دھوکے میں نہ آئے۔ اللہ تعالیٰ ڈھیل دیتا ہے اور جب تباہ کرنے کا وقت آتا ہے تو کوئی طاقت تباہی سے نہیں بچا سکتی۔
 

شیئر: