Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیری کسی صورت ہند کی غلامی قبول نہیں کرینگے،سردار یعقوب

 
ہندوستان کسی خوش فہمی میں نہ رہے ،طلوع صبح قریب ہے ، سابق صدر آزاد کشمیر کا خطاب 
 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سابق صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کسی صورت بھی ہندوستان کی غلامی قبول نہیں کریں گے ۔ ہندوستان کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔ وہ جدہ میں جموں و کشمیر اوور سیز کمیونٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ سابق وزیر اعظم نے مزید کہا ہندوستان کا یہ الزام بے بنیاد ہے کہ پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر میں مداخلت کی جاتی ہے ۔ میں مودی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ 8 لاکھ مسلح افوا ج کی موجودگی میں پاکستان کس طرح جموں میں مداخلت کرسکتا ہے ؟ لائن آف کنٹرول پر خار دار برقی تاروں کی تنصیب کے باوجود بھی یہ مداخلت کس طرح ممکن ہو سکتی ہے ۔ ہندوستان اس حقیقت کو تسلیم کرے کہ ریاست جموں وکشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے لئے اپنی جانوںکی قربانی دینے کےلئے بے چین ہے ۔ وہ آزادی سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہو سکتے ۔ اس حقیقت سے کسی کو انکار نہیں کہ تحریک حریت کا علم اب کشمیر کے نوجوان کے ہاتھوں میں آچکا ہے ۔ انہو ںنے مزید کہا سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہو ںنے ہمیشہ اور ہر پلیٹ فارم پر کھل کر مسئلہ کشمیر کی حمایت میں آواز بلند کی ۔ بیرون ملک مقیم کشمیر یوں کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ جہاں بھی ہوں تنازع کشمیر کے حوالے سے لوگوں کو درست معلومات مہیا کرتے رہیں تاکہ ہندوستان کی جانب سے غلط پروپیگنڈے کا جواب دیا جاسکے ۔سردار یعقوب نے مزید کہا کہ میں حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو نمائندگی دیں جس طرح میں نے اپنے دور میں دی تھی ۔ تقریب کا آغاز ارشد بٹ کی تلاوت آیات ربانی سے ہوا ۔ صدارت سردار محمد اشفاق نے کی جبکہ نظامت کے فرائض چوہدری خورشید میتال نے ادا کئے ۔تقریب سے چوہدری ریاض گھمن ،خالد گجر ، ملک شفیق ، چوہدری معروف حسین ،سردار مہتاب سرور، سردار محمد اشفاق ، غلام نبی بٹ ، سردار جاوید ، سردار وقاص اور دیگرنے بھی خطاب کیا ۔ تقریب کا اختتام قاری ارشاد الحق کی دعا پر ہوا۔ 
 

شیئر: