Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ذاتی طور پر فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے حق میں ہوں ، امیرمقام

 
پانامہ لیکس کا ڈرامہ ملکی ترقی کو سبوتاژکرنے کےلئے کھڑا کیا گیا ، کے پی کے کی پولیس بہتر کام کررہی ہے ، اردونیوز سے ٹیلی فونک انٹرویو اور تقریب سے خطاب 
 
جدہ ( ارسلان ہاشمی) وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر خاص اور معروف سیاست دان امیرمقام نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی توسیع کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر متفقہ طور پر کیا جائے ۔ تاہم ذاتی طور پر فوجی عدالتوں کی توسیع کے حق میں ہوں ۔ افواج پاکستان ہمارا سرمایہ افتخار ہیں ۔ اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہو ںنے مزید کہا کہ اس وقت فوجی عدالتوں کا معاملہ پورے ملک کا معاملہ ہے جس کی حساسیت سے کسی کو انکار نہیں ۔ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کی کارروائیوں کے حوالے سے سوال پر انہوںنے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو یہ گوارا نہیں کہ ہمارا ملک ترقی کرے جس کےلئے وہ ہر طرح کے حربے استعمال کر رہے ہیں ۔قبل ازیں انہوں نے لیاقت خان کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس کا پروپیگنڈا ملکی ترقی کو سبوتاژکرنے کےلئے کھڑا کیا گیا ۔ ہماری اولین ترجیح ملکی سالمیت اور قومی ترقی ہے جس کےلئے یکسو ہو کر کام کررہے ہیں ۔ انہو ںنے خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے پی کے کی پولیس بہتر طور پر کام کررہی ہے تاہم صوبے کے وزیر اعلی ان کے کام میں بلاوجہ مداخلت کر رہے ہیں جس سے معاملات خراب ہو جاتے ہیں ۔ پولیس کو آزادانہ طور پر کام کرنے دیا جائے تاکہ معاملات بہتر ہو ں ۔ قبل ازیں مسلم لیگ کے مقامی سینیئر رہنما ملک محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ کی حکومت جس طرح کام کررہی ہے اس کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ گوادر پور ٹ کی اہمیت سے آج سب واقف ہو گئے ہیں ۔ چین کے بعد روس ، ترکی اور دیگر ممالک نے بھی سی پیک میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی ہے جس سے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت واضح ہوتی ہے ۔ تقریب میں حاضرین کی جانب سے متعدد مطالبات کئے گئے جن میں بھیجی جانے والی رقوم پر عائد ٹیکس کا خاتمہ اور قونصلیٹ کو نئی عمارت میں منتقل کرنے کے علاوہ دیگر معاملات پیش کئے گئے ۔ تقریب کی نظامت حمایت علی نے کی۔

شیئر: