جدہ ..... بزم اتحاد مدینہ منورہ کا ماہانہ اجلاس صدر بزم اتحاد گلوبل احمد الدین اویسی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اراکین نے مہاراشٹرا میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں مجلس کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر صدر احمد الدین اویسی نے کہا کہ یہ اللہ کا فضل ہے کہ مجلس اتحاد المسلمین اب پورے ہندوستان کے سیکولر عوام کی آواز بن رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی جیسے شہر میں جہاں فرقہ پرست طاقتوں نے مجلس کیلئے بے شمار مسائل کھڑے کئے ۔ وہاں سے پہلی مرتبہ 3 سیٹوں کا آنا خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم زیادہ سے زیادہ تعداد میں کامیابیاں حاصل کریں ۔ انہوںنے مہاراشٹر کے دیگر شہروں سے مجلس کی بہتر کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا جہاں مجلس کے امیدوار وں کی تعداد بہت زیادہ ہے ۔ صدر اویسی نے کہا کہ اب ہماری پوری محنت یوپی کے اسمبلی انتخابات پر ہونی چاہئے۔ ہم سوشل میڈیا ، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اتر پردیش کے لوگوں میں ووٹ کی حقیقت اور سیکولر جماعت مجلس اتحاد المسلمین کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کریں۔ ابتداءمیں اگرچہ یہ کام کٹھن لگے گا لیکن یہ انتخابات مجلس کی راہ ہموار کر دیں گے اور ہم اس بار لوگوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ اس موقع پر اراکین بزم اتحاد مدینہ منورہ نے جہاں مہاراشٹر کے عوام کا شکریہ ادا کیا وہیں یوپی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مجلس اتحاد المسلمین کا ساتھ دیکر اسے بھاری اکثریت سے کامیاب کریں ۔ اجلاس میں نظیر احمد ، دستگیر خان ، سید شاہ علی قادری ابرار، امتیاز حسین ، سید عرفان ، سید حیدر قادری ، نواز خان اور دیگر ممبران نے شرکت کی ۔