Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میاں صاحب اقتدار میں آکر بدل گئے،زرداری

 کراچی ...سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب اقتدار میں آکر بدل گئے اور بہت چھوٹی سوچ رکھتے ہیں۔وہ یہ نہیں سوچتے کہ مسائل کے حل کیلئے دنیا کی بڑی طاقتوں سے رجوع کیا جائے۔چھوٹی سوچ والوں سے بڑی غلطیاں ہوتی ہیں۔ حب میں رکن اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کی رہا ئش پر میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ سی پیک کی بنیاد ہم نے رکھی۔ پیپلز پارٹی کا سی پیک منصوبہ زیادہ تربلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لئے تھا۔ ہمارا پروگرام تھا کہ جنگ کے باعث متاثر ہونے والے علاقوں میں کام کیاجائے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے جانے کے بعد بلوچستان میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ صوبے کے لئے پیکیج کے اعلان کئے گئے لیکن کچھ نظر نہیں آ رہا ۔ جہاں چھوڑا تھا آج بھی یہ صوبہ وہیں کھڑا ہے۔ بلوچستان کے زخموں کو بھرنے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کو تقسیم کرکے ملک مضبوط نہیں ہوسکتا۔زرداری نے کہا کہ تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی نے رضاکارانہ طور پر صدارت کا عہدہ چھوڑا ہو لیکن میں نے یہ سب کرکے دکھایا۔ اپنے تمام اختیارات پارلیمنٹ کے حوالے کئے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دوست مصیبت میں آزمائے جاتے ہیں اور کچھ اختیارات ملنے کے بعد۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ شیر کے شکار کی بات کرتے ہیں میں نے کبھی تیتر کا بھی شکار نہیں کیا۔کچھ لوگوں کی کم عقلی کی وجہ سے بڑی غلطیاں ہوجاتی ہیں جنہیں درست کرنے میں صدیاں لگ جاتی ہیں۔سابق صوبائی وزیر عرفان اللہ مروت سے ملاقات رہتی ہے لیکن ان کی پارٹی میں شمولیت کا اختیار میرے پاس نہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ عرفان اللہ مروت سے ہمارا تعلق ضرور ہے لیکن پارٹی میں کسی کی شمولیت کا اختیار صرف بورڈ کے پاس ہے۔ ایک سوال پر زرداری نے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کو مشکل فیصلہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ عرفان اللہ مروت کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کی خبروں پر بختاور اور آصفہ نے ناراضی کا اظہار کیا تھا ۔

 

شیئر: