شہزادہ فیصل بن فرحان کی لندن میں برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات
کمیٹی نے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ عالمی انسانی قانون کے حوالے سے متوازن کردار ادا کرے (فوٹو: سبق نیوز ایکس اکاؤنٹ)
عرب اسلامی مشترکہ وزارتی کمیٹی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں بدھ کے روز برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون سے لندن میں ملاقات کی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کمیٹی نے اس موقع پرغزہ میں عارضی جنگ بندی کے معاہدے کے حوالے سے قطر، مصر اورامریکہ کی ثالثی کے کردار کوسراہا جن کی کوششوں سے چار روز کے لیے انسانی بنیادوں پرعارضی جنگ بندی کا معاہدہ ممکن ہوسکا۔
مشترکہ وزارتی کمیٹی نے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اورعالمی انسانی قانون کے حوالے سے متوازن کردار ادا کرے تاکہ فوری جنگ بندی ممکن ہو سکے علاوہ ازیں اس حوالے سے دیگر بین الاقوامی قراردادوں پرعمل درامد کیا جاسکے۔
وزارتی کمیٹی کے ارکان نے سلامتی کونسل کے ارکان اورعالمی برادری کی جانب سے غزہ پٹی میں مکمل جنگ بندی کے لیے موثر اورفوری اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام عرب اوراسلامی ممالک کی اولین ترجیح ہے۔
کمیٹی کے اجلاس میں مکمل طور پرامن کو بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اس حوالے سے وزارتی کمیٹی کے ارکان نے مسئلے کے حل اور مستقل بنیادوں پر قیام امن کے لیے بین الاقوامی قراردادوں پرعمل درآمد کرنے پر زور دیا جس کے ذریعے فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق دیا جاسکے اوروہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق اپنی آزاد وخودمختار ریاست قائم کرسکیں جس کا درالحکومت القدس ہو۔
مشترکہ اجلاس جو کہ لندن میں منعقد ہو میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فوری اور دائمی طور پرغزہ کے متاثرین کے لیے ادویات ، خوراک اوردیگر ضروریات زندگی کی فوری بحالی اورامدادی سامان کی محفوظ ترین ترسیل کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔