Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا قیام عالم اسلام کیلئے مستحسن اقدام تھا، حرمین شریفین کی توسیع امت مسلمہ کیلئے سعودی محبت کا ثبوت ہے

جاوید اقبال۔ ریاض
پیپلز پارٹی ریاض نے سعودی عرب کے قومی دن پر مقامی مطعم میں تقریب کا انعقاد کیا۔ صدارت فیاض علیخان نے جبکہ نظامت محمد خالد رانا نے کی۔ اجتماع کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد خالد رانا نے کہا کہ مملکت سعودی عرب عالم اسلام کے رہنما کے طور پر اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ اس کی مدد آفات سماوی میں گھری ہر قوم کو میسر ہو اوراس کے ساتھ یہ عالم اسلام کے حجاج و معتمرین کے آرام و آسائش کا خیال بھی رکھے۔ 23ستمبر 1932ءکو شاہ عبدالعزیز نے سعودی عرب کی بنیاد رکھ کر نہ صرف اپنے ہموطنوں بلکہ سارے عالم اسلام کو رہنما فراہم کردیا تھا۔ سردار رزاق خان نے اپنے خطاب میں مملکت کے قیام کو سارے عالم اسلام کیلئے ایک رحمت قرار دیا اور واضح کیا کہ پاک سعودی روابط انتہائی گہرے اور دوستانہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ دین حنیف کے نام پر مملکت اور پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا اور یہ کہ ان دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون مزید گہرا ہوتا جارہا تھا۔ اپنے خطا ب میں وسیم ساجد نے واضح کیا کہ صحرائے نجد میں منتشر بدو قبائل کا ایک پرچم تلے اتحاد معجزے سے کم نہیں تھا اور ہ عظیم کارنامہ شاہ سعود بن عبدالعزیز آل سعود کے ہاتھوں انجام پایا تھا۔ انہوں نے اس بات پر سعودی عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 26لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کرکے اپنی انسانی دوستی کا ثبوت دیا تھا۔ وسیم ساجد نے خادم حرمین شریفین، انکی حکومت اور سعودی عوام کو مملکت کے قومی دن پر مبارکباددی اور انکے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے خطا ب میں یونس ابو غالب نے پاک سعودی تعلقات کو انتہائی دوستانہ قرار دیتے ہوئے 23ستمبر 1932ءکو مملکت کے قیام کو انتہائی مستحسن اقدام قرار دیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر سعودی حکومت کے نقطہ نظر کو سراہا اور کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے جموں و کشمیر کو مبصر کی نشست دیکر یہ ثابت کردیا تھا کہ کشمیر کو عالم اسلام ایک متنازع علاقہ تسلیم کرتا ہے۔ یونس ابو غالب نے سعودی عرب کے قومی دن پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، انکی حکومت اور سعودی برادر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ پاک سعودی باہمی تعلقات میں مزید گہرائی اور گیرائی پیدا ہو۔ صدارتی خطاب میں فیاض علیخان نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر حکومت اور برادر سعودی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ پاک سعودی تعلقات ہمیشہ سے ہی قابل ستائش رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مملکت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں نے بنیادی کردارادا کیا تھا اور یہ کہ خود سعودی بھی اس حقیقت کو تسلیم کرتے تھے ۔ فیاض علیخان نے حرمین شریفین کی توسیع پر سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا او رکہا کہ یہ اقدام عالم اسلام کیلئے سعودی حکومت کے خلوص و محبت کا واضح ثبوت تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے 26لاکھ ہموطن پردیس میں نہیں بلکہ اپنے دوسرے وطن میں قیام پذیر تھے اور دعا کی کہ وقت کےساتھ یہ تعلقا ت مزید مستحکم اور گہرے ہونگے۔ مملکت اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے کی گئی اجتماعی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔
 

شیئر: