Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ عبدالعزیز نے سعودی عرب کو متحد کرکے عالم اسلام کو رہنمائی فراہم کی، پاک سعودی تعلقات مثالی اور برادرانہ ہیں، مقررین کا خطاب

جاوید اقبال۔ ریاض
مملکت سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) ریاض نے مقامی مطعم میں تقریب کا انعقاد کیا۔ صدارت ڈاکٹر محمد سعید وائنس نے کی ۔ نظامت کے فرائض محمد اصغر چشتی نے انجام دیئے۔ ڈاکٹر محمود احمد باجوہ کی تلاوت قرآن پاک کے بعد ناظم نے اجتماع کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مملکت پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر پاکستانی اپنے برادر سعودی عوام کے دکھ درد میں شریک ہے۔ مملکت کے قومی دن کو اپنے یوم آزادی جتنی اہمیت دیتا ہے۔ 
تقریب کا انعقاد سعودی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تھا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمود احمد باجوہ نے کہا کہ مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود نے بکھرے قبائل کو متحد کرکے ایک وطن کی بنیاد اسلامی شریعہ پر رکھی تھی۔ ڈاکٹر باجوہ نے پاک سعودی دوستی کے حوالے سے کہا کہ یہ برادرانہ اور مثالی ہے اور واضح کیا کہ نائب ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا حالیہ دورہ پاکستان دوستی کے نئے باب کھولے گا۔ انہوں نے نواز شریف کے زیر قیادت زیر تکمیل سی پیک منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ سارے خطے کیلئے گیم چینجر ہوگا اور عالمی اقتصاد کی اکائیاں تبدیل کردے گا۔
بزم اقبال ریاض کے صدر عدنان اقبال بٹ نے مملکت کے قومی دن پر خادم حرمین شریفین ، انکی حکومت اور سعودی عوام کو ہدیہ¿ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کا گھر ہونے کی بناءپر سعودی عرب کرہ ارض پر متبرک ترین مقام کا حامل ہے۔ انہوں نے ا س بات پر اظہار تفاخر کیا کہ مملکت اور پاکستان کے تعلقات انتہائی گہرے اور مثالی ہیں۔ سعودی حکام پاکستان کی دل وجان سے عزت کرتے ہیں۔ عدنان اقبال بٹ نے واضح کیا کہ گزشتہ دنوں انہیں الجبیل میں ایک تقریب میں شرکت کا موقع ملا تھا جس میں سعودی بحریہ کے چند افسران بھی مدعو تھے۔ اس موقع پر ان افسروں نے پاکستان کے بارے میں قابل فخر تاثرات کا اظہار کیا تھا۔ انہوںنے سعودی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہمیشہ یہاں مقیم پاکستانیوں کو احترام دیا ہے ۔ پاکستانیوں نے بھی مملکت کی تعمیر میں جان توڑ کر کام کیا تھا۔
میاں محمد عمران نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کائنات کے ارفع ترین مقامات ہیں۔ انکی حفاظت اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے باہمی تعلقات مثالی ہیں۔ مملکت نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ جب ایٹمی دھماکوں کے بعد یورپ اور امریکہ نے پاکستان پر اقتصادی پابندیاں عائد کردیں تو مملکت نے ایک بڑے بھائی کی طرح پاکستان کی مدد کی اور اسے مشکلات سے نکالا۔
پی ایم ایل (ن) کے سینیئر رکن امین تاجر نے اپنے خطاب میں سعودی حکومت اور عوام کو مملکت کے قومی دن پر مبارکباد دی اور پاک سعودی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سرتاج عزیز کی ریٹنگ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ انہیں بہترین وزیر خارجہ قرار دیا گیا۔ نواز شریف نے سعودی عرب کیساتھ بہترین تعلقات قائم کئے۔ اقوام متحدہ میں اس بات کو واضح کیا کہ کشمیریوں کی مرضی کے بغیر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ بنیادی رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے۔ امین تاجر نے کہا کہ مملکت میں رہائش پذیر پاکستانی یورپ میں مقیم اپنے ہموطنو ں سے بہت بہتر ہیں کہ حرمین شریفین میں جب چاہیں حاضر ی سے سرفراز ہوتے ہیں۔
یوتھ ونگ کے فیصل واہلہ نے کہا کہ وہ 6برس کی عمر میں سعودی عرب آئے تھے۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہندوستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی 7لاکھ فوج کشمیر سے نکالے۔ یوں اس نے عالم اسلام، پاکستان اور کشمیری عوام کی صحیح ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کو اپنا بھائی سمجھا ہے۔ تقریب کے صدر ڈاکٹر حمد سعید وائنس نے 23ستمبر کو مملکت کی تاریخ کا اہم ترین دن قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس دن شاہ عبدالعزیز آل سعود نے صحراءمیں منتشر قبائل کو باہم کرکے عالم اسلام کو رہنمائی فراہم کردی تھی۔ انہوں نے مملکت کی انسان دوستی اور سخاوت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ آفات سماوی کا شکار انسانیت کی مدد کی ہے۔ سعید وائنس نے پاک سعودی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت میں 26لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اگر ہر ایک کے خاندان میں 5افراد بھی ہوں تو کم ازکم ایک کروڑ 30لاکھ پاکستانیو ںکا رزق سعودی عرب سے وابستہ ہے۔ڈاکٹر محمود احمد باجوہ کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر پاک سعودی دوستی کی ستائش میں کیک بھی کاٹا گیا۔
 

شیئر: