Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الاحساء:سوتیلی ماں نے 6سالہ بچی کا گلا کاٹ دیا

الاحساء(نیوز ڈیسک) یہاں سوتیلی ماں نے انتہائی درندگی اور بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 سالہ بچی کا گلا کاٹ کر اس کی لاش گھر سے باہر پھینک دی۔ الشرقیہ ریجن پولیس کے ترجمان کرنل زیاد الرقیطی نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیر 2 محرم 1438 ھ کو الاحساء کے ایک شہری نے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی کہ ایک 6 سالہ بچی کی گردن کاٹ دی گئی تھی پھر محاسن محلے میں گھر کے قریب خالی پلاٹ میں پڑی ہوئی اس کی لاش پائی گئی۔ پولیس نے رپورٹ ملتے ہی جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کیلئے تفتیشی ٹیم روانہ کردی۔ پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ واردات سوتیلی ماں نے کی ہے۔ خاتون عمر کے تیسرے عشرے میں ہے۔ سعودی شہری ہے۔ اسے گرفتار کرلیاگیا ہے۔ واردات میں استعمال ہونے والا آلہ ضبط کرلیاگیا۔ لاش ضروری کارروائی کیلئے اسپتال بھجوا دی گئی۔ ماہر تربیت ڈاکٹر سعود المصیبیح نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایاکہ یہ انتہائی دلدوز واقعہ ہے ۔ جانور تک اس طرح کی حرکت نہیں کرتے۔ اسے صرف جرم کہنا کافی نہیں ہوگا۔ یہ انسانی فطرت کے منافی ہے۔ ہوشمند ذہن اسے برداشت نہیں کرسکتا۔ ہوسکتا ہے خاتون نے اس جیسی بھیانک حرکت ذہنی خلل کی وجہ سے کی ہو۔ ممکن ہے نشہ آور اشیاء کے استعمال کی وجہ سے ایسی حرکت اس سے سرزد ہوگئی ہو کیونکہ اس جیسی واردات کوئی بھی انسان ہوش و حواس کے عالم میں نہیں کرسکتا۔ خاندانی اختلافات کا مفروضہ بھی ناقابل قبول ہے کیونکہ اختلافات کتنے بھی شدید کیوں نہ ہوں ایک عورت انتقامی عمل کے تحت کسی بچی کو اس قدر بربریت کے ساتھ ہلاک کرکے گھر سے باہر پھینکنے کی جرأت نہیں کرسکتی۔

شیئر: