تازہ ترین



سیکشن: خبریں

پارلیمنٹ اجلاس کا بائیکاٹ سمجھ سے بالاتر ہے، خورشید شاہ

shadow
اسلام آباد.... قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔تحریک انصاف کی عدم شرکت سے سرحد پار کوئی اچھا پیغام نہیں جائےگا۔ یہ کوئی نوازشریف کا نہیں کشمیر کا مسئلہ ہے ۔ملکی اتحاد سے ہی مسئلہ کشمیر کو پوری قوت کیساتھ دنیا کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یہ اجلاس وزیراعظم نے نہیں بلکہ اپوزیشن کے کہنے پر طلب کیا گیا ۔ اپوزیشن کو بھرپور انداز میں شرکت کرنی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن)،پیپلز پارٹی یا تحریک انصاف کا ذاتی مسئلہ نہیں۔ اس مسئلے پر حکومت اور اپوزیشن کو متحد ہونا چاہیے تاکہ سرحد پر ایک اچھا پیغام جائے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے معاملے پر دنیا کو یکجہتی کا پیغام دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک وزیراعظم کے گھر گئے تو پارلیمنٹ بھی آنا تھا جبکہ شاہ محمود قریشی اے پی سی میں گئے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پارٹی کی طرف سے اچھا موقف پیش کیا مگر مشترکہ اجلاس میں تحریک انصاف کے نہ آنے سے بارڈر پار کوئی اچھا پیغام نہیں جائے گا، عمران خان اور تحریک انصاف کے اراکین کو اجلاس میں آکر اپنا موقف اور سرحد پرپیغام دینا چاہیے تھا۔ ایک سوال پر خورشید شاہ نے کہاکہ عمران کا اپنا فیصلہ ہے۔ تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے میں کون ہوتا ہوں ۔ان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کر نے والا مگر عمران خان کی اجلاس میں عدم شرکت سوالیہ نشان ضرور ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر مضبوط طریقے سے کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی ۔
1