Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کیلئے کھیلنا خواب تھا ، عمران طاہر

جوہانسبرگ - - - جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے پاکستان نژاد مایہ ناز اسپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ اپنے ملک، والدین اور دوستوں کو چھوڑ کر دوسرے ملک جانا بڑا مشکل فیصلہ تھا۔ کرکٹ ویب سائٹ پاک پیشن کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں کیونکہ جنوبی افریقہ نے مجھے پوری دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع دیا۔ مجھے موقع دینے پر کرکٹ جنوبی افریقہ کا مشکور ہوں اور ہمیشہ شکرگزارہوں گا کہ انھوں نے مجھے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع دیا۔ اپنے خاندان خصوصاً میرے والدین، دوست اور میرے ملک کو چھوڑنا ایک بڑا مشکل فیصلہ تھا لیکن میری بیگم جنوبی افریقہ میں تھیں اسی لئے یہ فیصلہ مجھے لینا پڑا۔ یہ ان مواقع میں سے ایک تھا جہاں آپ کچھ حاصل کرتے ہیں مگر کچھ کھونا پڑتا ہے۔ ایک سوال پر عمران طاہر نے کہا کہ میں نے بچپن میں کرکٹ کھیلنا شروع کی اور جب گریڈز اور مختلف سطح سے ہوتے ہوئے فرسٹ کلاس میں آیا تو پاکستان کیلئے کھیلنا میرا خواب تھا لیکن یہ موقع کبھی نہیں آیا ۔خیر کوئی بات نہیں اور یہ موقع جنوبی افریقہ کی جانب سے مجھے ملا۔ یاسر شاہ کو ورلڈ کلاس بولر قرار دیتے ہوئے عمران طاہر نے کہا کہ وہ ایک زبردست بولر ہیں اور انھوں نے وہ سب کچھ کردکھایا کہ وہ کتنا عظیم بولر ہے ۔میں ان کے بہترین مستقبل کیلئے دعا گو ہوں۔

شیئر: