Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جسمانی معذوری کو اللہ کا تحفہ سمجھتا ہوں ، حیدر علی

ریو پیراولمپکس کے لانگ جمپ مقابلوں میں پاکستان کیلئے کانسی کا تمغہ جیتنے والے حیدر علی جسمانی معذوری کو اپنے لئے خدا کی طرف سے تحفہ سمجھتے ہیں۔گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ اسپرنٹر نے کہا کہ اگر میں معذور نہیں ہوتا تو پیراولمپکس میں ملک کی کبھی نمائندگی نہ کر پاتا اور میڈل نہیں جیت سکتا تھا۔پیراولمپکس سے چند دن قبل منعقدہ ریو اولمپکس 2016ء میں وائلڈ کارڈ انٹری کی بنیاد پر شریک ہونے والے پاکستانی ایتھلیٹ متاثر کرنے میں بری طرح ناکام رہے تھے۔پیراولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد ایتھلیٹ T-37 لانگ جمپ میں 6.3 میٹر کی چھلانگ لگا کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ چین کے شینگ گوانگ ژو نے سونے اور برازیل کے ایون گی لسٹا کاردوسا نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔چین میں منعقدہ 2010 ء پیراولمپکس گیمز میں حیدر علی نے F-38 لانگ جمپ میں سونے اور T-38 سو میٹر میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا تاہم ریو میں فتح کے باوجود پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انہیں نقد انعامی رقم سے نہیں نوازا۔حیدر علی نے کہا کہ میری معذوری خدا کی طرف سے میرے لئے تحفہ ہے، میں اسے کمزوری سمجھنے کے بجائے اپنے لئے مضبوطی کی سب سے بڑی علامت سمجھتا ہوں جس کی بدولت میں پیراولمپکس گیمز میں شرکت میں کامیاب ہوا۔نیشنل پریس میں نیشنل پیراولمپکس کمیٹی کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرس کے موقع پر ایتھلیٹ نے ڈان سے گفتگو میں کہا کہ کھیلوں میںآنے سے قبل انہیں معذوری کی وجہ سے مسائل کا سامنا تھا لیکن اب کھیلوں نے انہیں احساس کمتری کے احساس سے نکلنے میں مدد دی۔پریس کانفرنس میں شریک کمیٹی کے نمائندوں طارق مصطفی، عمران شامی، آمنہ شامی، ہما مصطفی اور خو دحیدر علی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سرپرست کا کردار ادا کرتے ہوئے کمیٹی کی مالی مدد کرے۔ پاکستانی ایتھلیٹس میں میڈلز جیتنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں میڈل جیتنے والے کیلئے تو حکومت نے نقد انعام رکھا ہے لیکن اس طرح کا کوئی بھی انعام پیراولمپکس میں میڈل جیتنے والے کیلئے نہیں رکھا گیا۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے حیدر کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے مکمل مالی مدد فراہم کریں گے۔ پیراولمپکس میں میڈل جیتنے والوں کو نقد انعام دینے کی کوئی پالیسی موجود نہیں لیکن ہم پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے پیراولمپکس میں میڈل جیتنے والوں کیلئے بھی نقد انعام کا اعلان کریں گے۔

شیئر: