Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوڈ ملرنے آسٹریلیا سے فتح چھین لی

ڈربن- - - -جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر نے عمدہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا سے یقینی فتح چھین کر اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں فتح دلانے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی ناقابل شکست برتری دلا دی۔آسٹریلیا نے بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور آسٹریلین اوپنرز ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے 110 رنز کی شراکت قائم کر کے اس فیصلے کو درست ثابت کردکھایا۔ایرون فنچ 34 گیندوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگ کھیل کر رخصت ہوئے لیکن جنوبی افریقی ٹیم کی مشکلات میں کمی نہ ہوئی۔آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ اور وارنر نے دوسری وکٹ کیلئے 134 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف گامزن کیا۔ ڈیوڈ وارنر نے سنچری اسکور کی اور 117 رنز کی عمدہ اننگ کھیل کر عمران طاہر کی دوسری وکٹ بنے۔دوسرے اینڈ پر موجود اسٹیون اسمتھ نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور جارج بیلی کے ساتھ مل کر اسکور کو 280 رنز تک پہنچا دیا۔ اسمتھ 108 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ٹریوس ہیڈ اور میتھیو ویڈ نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کو مقررہ اوورز میں 371 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔عمران طاہر 2وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے لیکن مایہ ناز جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین سب سے مہنگے ثابت ہوئے جنہوں نے 2وکٹوں کے عوض 96 رنز دیے۔جواب میں جنوبی افریقی اوپنرز نے بھی جارحانہ انداز میں اننگ کا آغاز کیا اور 50 گیندوں پر 66 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اسی اسکور پر ہاشم آملا 45 رنز بنانے کے بعد جان ہیسٹنگز کو وکٹ دے بیٹھے۔ڈی کوک کی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رہا اور ڈیو پلیسی کے ساتھ مل کر اسکور کو 140 تک پہنچا دیا لیکن جنوبی افریقی کپتان 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ڈی کوک کی 70 رنز کی اننگ کا خاتمہ کرس ٹریمین کے ہاتھوں ہوا جبکہ جلد ہی رلی روسو بھی پویلین لوٹ گئے۔179 رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی لیکن جین پال ڈومینی اور ڈیوڈ ملر نے 48 رنز کی شراکت قائم کر کے ہدف کا تعاقب کا جاری رکھا۔اس شراکت کا خاتمہ جان ہیسٹنگز نے ڈومینی کو آؤٹ کر کے کیا جس کے ساتھ ہی آدھی جنوبی افریقی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی اور ڈیوڈ ملر کی انجری کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جلد ہی پروٹیز کی بساط لپٹ جائے گی لیکن ملر نے آسٹریلین ٹیم کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔مایہ ناز بلے باز نے ہیمسٹرنگ انجری کے باوجود ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کو آخری اوور کی دوسری گیند پر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔جنوبی افریقی بلے باز نے 6چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 118 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ اینڈائل پھیلکوایو نے 42 رنز کی اننگ کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔اس میچ میں 4وکٹ سے فتح کی بدولت جنوبی افریقہ نے 5میچوں کی سیریز میں بھی 3-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ ڈیوڈ ملر کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شیئر: