Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عاشورہ کا روزہ رکھا جائے، امام حرم

مکہ مکرمہ(واس)مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر اسامہ خیاط نے فرزندان اسلام سے کہا ہے کہ وہ عاشورہ کا روزہ رکھیں ۔ یہ وہ دن ہے جس روز اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے عظیم پیغمبر حضرت موسیٰ علیہ السلام کو فرعون پر غلبہ عطا کیا تھا اور بنو اسرائیل کو فرعونی مظالم سے چھٹکارا دلایا تھا۔ وہ نئے ہجری سال 1438ھ کے پہلے جمعے کا ایمان افروز خطبہ روحانی ماحول میں دے رہے تھے۔ امام حرم نے کہا کہ محرم کا سورج طلوع ہوتا ہے تو نئے سال کی آمد کا اعلان کرتا ہے، یہ زندگی کے نئے مرحلے کی شروعات کا بھی اعلان ہے، یہ انسانوں کے ذہنوں میں خوشی کی لہر دوڑاتا ہے ۔ خوشی اس بات کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے بندوں پر احسان کرتے ہوئے ان کی عمر بڑھادی اور نئے سال کی آمد کا ان کی زندگی میں اضافہ کردیا۔ امام حرم نے واضح کیا کہ بندوں کو اس نعمت پر رب کا شکر ادا کرنا چاہیے، شکر یہ ہے کہ نئے سال کا آغاز روزوں سے کیا جائے ۔ روزے رکھنے سے نفس قابو میں آتا ہے، حرام خواہشات کو لگام لگانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے، روحانی کمال کے حصول کا باعث بنتا ہے، اچھائیوں سے قریب اور برائیوں سے فاصلہ بناتا ہے۔ امام حرم نے بتایا کہ ماہ محرم میں روزوں کے فضائل کا ذکر خیر پیغمبر اسلام نے کیا ہے۔ فرماتے ہیں کہ رمضان کے بعد بہترین روزہ اللہ کے مہینے محرم کا روزہ ہے اور فرض نماز کے بعد افضل نماز رات کی نماز ہے۔ انسان جب محرم کے مہینے میں روزہ رکھتا ہے تو اللہ کے مہینے کی فضیلت کے ساتھ روزے کی فضیلت جڑ جاتی ہے اس طرح اس کا عمل اللہ تعالیٰ کی ذات اور معزز مہینے سے مربوط ہوجاتا ہے۔ امام حرم نے کہا کہ عاشورہ کا روزہ حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کے مومن بھائیوں کے سرکش فرعون پر غلبے اور فتح و نصرت کی یاد میں رکھا جاتا ہے۔ اس کا تذکرہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں کیا ہے کہ فرعون بنواسرائیل پر ظلم و ستم کی انتہا کئے ہوئے تھا۔ امام حرم نے کہا کہ ایک طرف تو اس روزے کی فضیلت کا پہلو یہ ہے اور دوسرا پہلو وہ ہے جس کا ذکر ابو قتادہ رضی اللہ عنہ نے نبیٔ کریم سے روایات کرکے بیان کیا ہے۔ بتاتے ہیں کہ ایک شخص نے عاشورہ کے روزے کی بابت رسول اللہ سے دریافت کیا تو آپ نے فرمایا :عاشورہ کا روزہ رکھنے سے ایک سال پہلے کے گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ امام حرم نے توجہ دلائی کہ عاشورہ سے ایک دن پہلے یا ایک دن بعد ایک اور روزہ رکھا جائے یہی سنت ہے۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ عبداللہ البعیجان نے جمعہ کا خطبہ ماہ محرم کے فضائل کے موضوع پر دیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ امت مسلمہ محرم کی آمد پر نئے سال میں قدم رکھ چکی ہے۔ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کے تمام ایام اور جملہ اوقات کو خیر و برکت سے معمور فرمائے۔ امام مسجد نبوی البعیجان نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ نئے سال کا استقبال اللہ تعالیٰ کی تابعداری ، اس کے احکام کی بجا آوری ، اس سے ملاقات کی تیاری کے ساتھ کریں۔ تمام محترم مہینوں کی حرمت فضل اور رتبے کا عرفان حاصل کرے۔ یہ ایسی اطاعت ہے جس کا ثواب اللہ تعالیٰ عطا کرے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ نے سال کی شروعات محترم مہینے اور اختتام بھی محترم مہینے پر ہی کیا ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نئے ہجری سال کے دوران مسلمانوں کو عزت ، طاقت ، شاندار نصرت ،دلوں میں الفت اور اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے۔

شیئر: