مالے...وزیر اعظم محمد نواز شریف نے منگل کو مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم سے ملاقات کی۔ پاکستان اور مالدیپ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ملکوں نے مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے ۔ بعد ازاں نوازشریف نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک تجارت، تعلیم دفاع، سیاحت اور عوامی رابطوں سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہند نے سارک کے مقصد کو نقصان پہنچایا۔ علاقائی ترقی کیلئے سارک کو فعال تنظیم بنانے کیلئے دونوں ملکوں کے خیالات مشترک ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے اثرات پر تشویش ہے۔ مالدیپ جیسے جزائر میں بسنے والی اقوام کاتحفظ چاہتے ہیں۔دریں اثناءمالدیپ کے مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے نواز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہیں7 توپوں کی سلامی دی گئی۔صدر عبد اللہ یامین عبد القیوم نے کابینہ کے ارکان اور دیگر کا تعارف کرایا۔نواز شریف مالدیپ کے52 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے مہمان خصوصی ہوں گے جو پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔