ریاض-------سعودی نوجوانوں نے امسال ضیوف الرحمان کو اطمینان دلایا ہے کہ وہ حجاج کی گاڑی خراب ہونے پر مفت اصلاح و مرمت کرینگے ۔ جس کی گاڑی کسی حج شاہراہ پر خراب ہو جائے وہ 0553000192پر رابطہ کر کے جائے وقوعہ کی نشاندہی کر دے رضاکارانہ بنیادوں پر گاڑی کی مفت مرمت کر دی جائے گی۔ایک سن رسیدہ عازم عمرہ نے مکہ جدہ شاہراہ پر رضا کار نوجوانوں کے ساتھ پیش آنیوالے اپنے تجربہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میری گاڑی خراب ہو گئی تھی ۔ مذکورہ نمبر پر جوں ہی رابطہ کیا فوراً ہی ایک رضا کار میری خدمت کیلئے موجود تھا۔60سالہ خالد الغامدی نے بتایا کہ میں عمرے کیلئے جدہ سے اپنی اہلیہ کے ہمراہ مکہ مکرمہ جا رہا تھا اچانک ایک ٹائر خراب ہو گیا۔قریبی ترین پیٹرول اسٹیشن 10منٹ کے فاصلے پر تھا ۔ ٹائر خراب ہونے کی حالت میں گاڑی کو اسٹیشن تک لیجانا پر خطر تھا۔مجھے اچانک رضا کار نوجوانوں کا جاری کر دہ نمبر یاد آگیا ، رابطہ کیا فوراً ہی ایک نوجوان سازوسامان لیکر جائے وقوعہ پہنچ گیا۔رضا کار نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف یہ کہ حجاج کی خدمت کرتے ہیں بلکہ عمرہ و زیارت کیلئے جانیوالوں کی خدمت کی سعاد ت بھی حاصل کر رہے ہیں ۔ 8ماہ کے دوران 8400سے زیادہ لوگوں کی خدمت کی جا چکی ہے ۔ ٹیم کے سربراہ علی ظافر العاطف نے بتایا کہ ہماری ٹیم میں مملکت کے مختلف علاقوں کے 600رضا کار شامل ہیں ۔