Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوازشریف کی نااہلی سے پی سی بی پر اثر نہیں پڑےگا، نجم سیٹھی

 
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اجازت دی تو ورلڈ الیون 12 ستمبر کو پاکستان آئے گی جبکہ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے جانے سے پی سی بی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ چلے گئے تو نیا وزیر اعظم بطور پیٹرن انچیف آجائے گا ۔سیٹھی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کا الیکشن لڑنے کیلئے میرے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہریار خان نے کہا کہ ہند کےساتھ باہمی کرکٹ شروع نہ ہونے پر افسوس ہے، معاہدے کی خلاف ورزی پر ہند کے خلاف آئی سی سی تنازع کمیٹی میں کیس کر دیا ہے ۔ انڈین بورڈ نے کہا ہے کہ ہم کھیلنا چاہتے ہیں لیکن حکومت اجازت نہیں دے رہی۔ بنگلہ دیش کو کئی مرتبہ پاکستان آکر کھیلنے کی دعوت دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کی جیت میں کپتان سرفراز احمد نے اہم کردار ادا کیا۔پاکستان ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، آج سے 4 سال پہلے اسی ٹیم نے سری لنکا کو ہرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں قومی ویمنز ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی، ماضی میں یہی ٹیم سری لنکا، جنوبی افریقہ کو ہرا چکی ہے۔چیئرمین بورڈ نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے معافی نہ مانگنے تک ان سے کرکٹ تعلقات بحال نہیں ہوں گے، اگر صوبائی حکومت نے اجازت دی تو ورلڈ الیون 12 ستمبر کو پاکستان آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بائیو مکینیکل لیب اگلے ماہ شروع ہو جائے گی جس سے پاکستان یہ سہولت رکھنے والا ساتواں ملک بن جائے گا، آئندہ ماہ اینٹی کرپشن ٹریبونل میں اسپاٹ فکسنگ کیس کے فیصلے بھی ہو جائیں گے۔پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پانامہ کیس میں اسلام آباد میں جو ہوا اسکا پاکستان کرکٹ بورڈ سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیر اعظم کے جانے سے پی سی بی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ نواز شریف چلے گئے تو نیا وزیر اعظم بطور پیٹرن انچیف آجائے گا، چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کےلئے کمیشن بن گیا ہے، ایک دو روز میں الیکشن شیڈول فائنل ہو جائے گا۔ اگر چاہوں تو الیکشن لڑنے کیلئے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں، انہوں نے کہا کہ پی سی بی اب پہلے سے زیادہ آزاد ہو جائے گا، مجھ پر تنقید ہو یا نہ ہو، اپنا کام صحیح طریقے سے کروں گا۔

شیئر: