گال:سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم ہند کے خلاف 3میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں کھیل کے چوتھے دن 304رنز کی بڑی شکست سے دوچار ہو گئی۔ہند نے سری لنکا کو فتح کے لئے 550رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 245رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ہندوستانی اسپنرز کی جوڑی جڈیجہ اور ایشون نے 3،3وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سری لنکن بیٹنگ لائن کی تباہی میں مرکزی کردار ادا کیا ۔ ہند کی پہلی اننگز میں 190رنز بنانے والے اوپنر شیکھر دھون کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم نے تیسرے دن کے اسکور 189رنز 3کھلاڑی آﺅٹ پر اپنی دوسری اننگز شروع کرکے240رنز بنا کر 550رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ چوتھے دن ہند کی کوئی وکٹ نہیں گری ۔ اس دوران کپتان ویرات کوہلی کیریئر کی17ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ان کے ساتھ اجنکیا رہانے 23رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے ۔ کوہلی نے 103رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اپنی سنچری مکمل ہو تے ہی دوسری اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان بھی کردیا۔یوں سری لنکا کو یہ میچ جیتنے کے لئے 550رنز کا بڑا اور تقریباً ناقابل حصول ہدف ملا ۔ اس کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے بیٹنگ شروع کی تو محمد شامی نے اپل تھارنگا کو10رنز پر آﺅٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی ۔ اوپنر دیموتھ کرونا رتنے، نیروشان ڈکویلا اور کوشل مینڈس ایسے سری لنکن بیٹسمین تھے جنہوں نے اپنی عمدہ بیٹنگ سے ہندوستانی کپتان اور بولز کو پریشان کئے رکھا ۔ مینڈس نے36،ڈکویلا نے67اورکرونا رتنے نے97رنز کی اننگز کھیلیں ۔ان تینوں کے درمیان 79اور101رنز کی اچھی شراکت داریاں ہوئیں لیکن ان کے آوٹ ہوتے ہی سری لنکا کا کھیل بھی ختم ہوگیا ۔ کرونا رتنے صرف3رنز کے فرق سے سنچری سے محروم رہے۔ کپتان رنگانا ہیرتھ اور اسیلا گونا رتنے زخمی ہونے کی وجہ سے کھیلنے نہیں آئے۔ میزبان ٹیم چائے کے وقفے کے ایک گھنٹے بعد245رنز پر پویلین لوٹ گئی اور کوہلی الیون نے پہلی بڑی کامیابی سمیٹ لی۔ دلروان پریرا21رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ لوٹے۔محمد شامی اور امیش یادو نے بھی ایک، ایک وکٹ لی جبکہ بقیہ تمام وکٹیں اسپنرز رویندر جڈیجہ اور روی چندرن ایشون کے حصے میں آئیں ۔ ہند نے سیریز میں1-0کی برتری بھی حاصل کرلی