لاہور:پاکستان سپر لیگ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بعد معطل کئے جانے والے شرجیل خان نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں تحریری جواب جمع کرا دیا اور ان کے وکیل نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا ہے کہ شرجیل نے اسپاٹ فکسنگ نہیں کی۔شرجیل خان پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف جان بوجھ کر ڈاٹ گیندیں کھیلیں۔شرجیل خان نے اس میچ میں 4 گیندوں پر ایک رن بنایا تھا اور ان میں سے 2گیندیں انہوں نے ڈاٹ کھیلی تھیں اور اور اگر شرجیل پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہو جاتا ہے تو ان پر 5 سال سے تاحیات پابندی کی سزا کا امکان ہے۔ہفتہ کو شرجیل خان نے اپنا تحریری جواب داخل کرا دیا ہے۔ان کے وکیل شیغان اعجاز نے دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی الزامات ثابت کرنے میں ناکام ہو گیا ہے اور کیس کا فیصلہ شرجیل خان کے حق میں ہوگا۔اسپاٹ فکسنگ ٹربیونل میں شرجیل خان کیس کی سماعت 3 ماہ سے جاری ہے جس میں معطل کرکٹر اور پی سی بی کی جانب سے دلائل مکمل کرنے کے بعد ٹربیونل نے آج تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔دلائل جمع کرائے جانے کے بعد ٹریبونل کی جانب سے آئندہ ماہ کیس کا فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔