ریاض ..... انشورنس کمپنیاں منگل سے سال رواں کے آخر تک خلاف ورزیوں سے پاک ریکارڈ رکھنے والے گاڑیوں کے مالکان کو رعایت دینا شروع کرینگی۔ انشورنس کمپنیاں اس حوالے سے آگہی مہم کا بھی اہتمام کرینگی۔ سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی ساما نے تمام انشورنس کمپنیوں پر یہ پابندی عائد کی کہ وہ یکم اگست 2017ءسے لیکر سال روا ں کے آخر تک خصوصی آگہی مہم چلائیں۔ گاڑیوں کی انشورنس کرانے والوں کو 10سے 15فیصد تک رعایت پیش کریں۔ گاڑی کے ہر اس مالک کو جس کا ریکارڈ ٹریفک خلاف ورزیوں سے پاک ہو اسے 10سے 15فیصد تک رعایت دی جائے۔ اس میں تھرڈ پارٹی انشورنس اور مکمل انشورنس کرانے والے دونوں شامل ہونگے۔ ان میں کسی کے ساتھ کوئی فرق نہیں کیا جائیگا۔ رعایت انہی گاڑیو ںکے مالکان کو دی جائیگی جنہوں نے درخواست سے ایک عیسوی سال کے دوران کوئی ٹریفک حادثہ نہیں کیا ہوگا۔ اس میں ان گاڑیو ںکے مالکان شامل ہونگے جنہیں نئی گاڑی کی ملکیت کی وجہ سے رعایت نہیں دی گئی۔ وہ لوگ بھی شامل ہونگے جنہوں نے ماضی میں کبھی گاڑیوں کی انشورنس نہیں کرائی ہوگی۔ علاوہ ازیں ایسے مالکان بھی رعایت کے حقدار ہونگے جن کی انشورنس کی میعاد ایک ماہ پہلے ختم ہوگئی ہوگی۔ ساما کا کہناہے کہ رعایتی مہم کا مقصد محفوظ ڈرائیونگ کی حوصلہ افزائی اور زیادہ سے زیادہ کار مالکان کو گاڑیو ںکی انشورنس کی ترغیب دینا ہے۔ ساما نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اگر کوئی انشورنس کمپنی پہلے سے واجب رعایت دینے میں آنا کانی کرے تو اسکے خلاف ویب سائٹ پر شکایت درج کرائیں یا ٹول فری 8001256666پر رابطہ کریں۔