حیدرآباد- - - - - ٹول گیٹ پر رقم طلب کرنے پر کارپوریٹر کے فرزند نے اپنے حامیوں کے ساتھ مل کر ٹول گیٹ کے اہل کاروں پر حملہ کردیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی کے کڑتال گنڈی میسماں علاقہ کی ٹول گیٹ پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ونستھلی پورم کے بی این ریڈی نگر کی ٹی آرایس کارپوریٹر لکشمی پرسنا کے فرزند منیش گوڑ ٹول گیٹ سے گزر رہے تھے جس پر ٹول پلازہ کے اہل کاروں نے ان سے ٹول فیس مانگی جس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منیش گوڑ نے اپنے حامیوں کے ساتھ مل کر ٹول گیٹ کے اہل کاروں سے بحث وتکرار شروع کردی۔اسی دوران منیش نے اپنے حامیوں کے ساتھ مل کر ٹول پلازہ کے اہل کاروں پر حملہ کردیا ۔بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے تیز دھار ہتھیار سے یہ حملہ کردیا ۔اس حملہ میں ٹول پلازہ کے تین اہل کار زخمی ہوگئے۔ا ن کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔زخمیوں کی شکایت پر پولیس نے منیش اور ان کے حامیوں کو حراست میں لے لیا اور حملہ میں استعمال ہتھیاروں کو ضبط کرلیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں دفعہ 307کے تحت ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔منیش گوڑ کے والد رام موہن گوڑ ٹی آرایس کے ایل بی نگر حلقہ کے انچارج ہیں۔